• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان کورونا کی نسبت بریگزٹ سے زیادہ پریشان ہیں

لندن ( پی اے ) نوجوانوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی بہ نسبت بریگزٹ کے بارے میں زیادہ پریشانی لاحق ہے۔ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے مقابلے میں بریگزٹ کے اثرات سے زیادہ پریشان ہیں۔ یو سی ایل کے ایک حالیہ سروے کے مطابق ،18 سے 29 سال کی عمر کے 42 فیصد بالغوں نے بریگزٹ سے دباؤ میں مبتلا ہونے کا بتایا جبکہ اس کے مقابلے میں ایک تہائی (32 فیصد) افراد کوویڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے خدشات سے پریشان تھے۔اس اہم فرق کی وجہ ممکنہ طور پر یہ ہے کہ نوجوانوں نے ای یو میں رہنے کے حق میں ووٹ دیا ساتھ ہی ان میں یہ خیال بھی پیداہواہے کہ انہیں کورونا وائرس کا خطرہ کم ہے۔سروے میں بتایا گیا کہ 22فیصدنوعمرافراد کورونا وائرس سے شدید بیمار ہونے کے بارے میں پریشان ہیں ، اس کے مقابلے میں بالغ افراد میں یہ شرح 33فیصد تھی۔تمام بالغ افراد میں ، 10 میں سے تین (30فیصد) نے کہا کہ وہ بریگزٹ کے بارے میں تناؤ کا شکار ہیں ، اور ایک تہائی سے زیادہ (38فیصد) نے کہا ہے کہ وہ کوویڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے خدشہ کی وجہ سے پریشان ہیں۔یہ اعدادوشمار طویل عرصے سے جاری یو سی ایل کوویڈ - 19 سوشل اسٹڈی کا حصہ ہیں جس کے لئے 23 دسمبر سے 7 فروری کے درمیان 18 سے 29 سال عمر کے15332 بالغان سے رائے لی گئی تھی۔سٹڈی کے مرکزی مصنف ، ڈاکٹر ڈیزی فانکورٹ نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے 2016 کے بریگزٹ ریفرنڈم میں علیحدگی کی بجائے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیا اور ملازمتوں ، مالی معاملات اور کاروبار کے بارے میں یورپی یونین چھوڑنے کے بعد شائع ہونے والی خبروں کا نوجوان لوگوں پر زیادہ اثر پڑتا ہے۔ ڈاکٹر فیانکورٹ نے مزید کہا کہ نوجوان لوگوں میں یہ خیال بھی موجود ہے کہ انہیں کوویڈ ۔19 سے کم خطرہ ہے اور یہاں تک کہ اگر وہ اس وائرس سے متاثر ہو جاتے ہیں تو بھی ، ان کے شدید بیمار ہونے کا امکان نہیں ہے۔ابتدائی علامات موجود ہیں کہ تمام بالغوں میں بریگزٹ کے بارے میں تناؤ کی سطح میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔جن لوگوں کی گھریلو آمدنی ،30000 پونڈزسے زیادہ ہے انہیں کم آمدنی والے لوگوں کے مقابلے میں بریگزٹ سے زیادہ دباؤ محسوس ہوتا ہے اور وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوکر شدید بیماری میں مبتلا ہونے کے خدشہ سے زیادہ پریشان تھے۔

تازہ ترین