• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عروسی جوڑے کا 23میٹر لمبا ویل پہننے سے گردن میں درد ہوگیا، پریانکا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ویسے تو اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ اکثر اوقات محبت کا اظہار کرتی ہوئی نظر آتی ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے شادی کے منفی اور دردناک اثرات بھی گنوائے ہیں۔ہولی وڈ اور بولی وڈ دونوں فلم انڈسٹریز میں نام بنانے والی معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شادی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ 2018 میں ہوئی تھی۔پریانکا چوپڑا نے ایک حالیہ ٹی وی شو کے دوران شادی کے دردناک لمحات کے بارے میں بتایا کہ ’شادی کے دن 23 میٹر لمبا عروسی لباس پہننے سے ان کی گردن میں شدید درد شروع ہو گیا تھا۔‘پریانکا اپنی شادی پر دنیا کا سب سے طویل ویڈنگ ویل پہن کر ریکارڈ قائم کرنا چاہتی تھیں۔ ویڈنگ ویل عموماً ہلکے کپڑے کا بنایا جاتا ہے تاکہ دلہن آسانی سے اپنے سر پر پہن سکے اور اس ویل کا باقی حصہ پیچھے لٹک رہا ہوتا ہے۔تاہم ان کے سفید رنگ کے عروسی جوڑے کا ویڈنگ ویل 23 میٹر لمبا تھا جس کو سر پر ٹھہرانا اور چلتے ہوئے اس کا وزن برداشت کرنا کافی مشکل کام تھا۔اداکارہ نے ٹی وی شو کے دوران بتایا کہ ’اتنا لمبا ویڈنگ ویل پہننے سے ان کی گردن اور پٹھوں میں ابھی تک تکلیف ہے۔‘ویسے تو پریانکا چوپڑا اپنی شادی پر سب سے طویل لباس پہن کر ریکارڈ قائم کرنا چاہتی تھیں لیکن شو کی میزبان نے انہیں بتایا کہ ’ایک اور خاتون نے 15فٹ بال گراؤنڈز کے برابر کا ویڈنگ ویل پہن کر ان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔‘ پریانکا چوپڑا نے عیسائی طرز کی شادی کے لیے سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا تھا جس کا ویڈنگ ویل اتنا طویل تھا کہ اسے اٹھا کر چلنا کسی مشکل سے کم نہیں تھا۔ یہ لباس مشہور امریکی فیشن ہاؤس ریلف لارین نے تیار کیا تھا۔

تازہ ترین