• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ میں یوتھ سروسز کے فنڈ میں ایک عشرے کے دوران 73فیصد کمی

لندن(پی اے )ایک تجزیئے کے دوران انکشاف ہواہے کہ انگلینڈ میں یوتھ سروسز کے فنڈ میں ایک عشرے سے بھی کم عرصے کے دوران 73فیصد کمی کی گئی،وائی ایم سی اےکے تجزیئے کے مطابق کونسلوں نے 20۔2019کے دوران 372.12ملین پونڈخرچ کئےجوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد کم تھی،تجزیے کے مطابق کونسلوں کی جانب سے اخراجات کے بارے میں محکمہ تعلیم کے اعدادوشمارکی بنیاد پر اس دوران یوتھ سروسز کو 958.72ملین پونڈ کانقصان اٹھانا پڑا ۔یوتھ سروسز پر اخراجات میں سب سے زیادہ کمی ویسٹ مڈلینڈز میں ہوئی جہاں 2010/11کے مقابلے میں اخراجات میں 82 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی،نارتھ ایسٹ میں یہ کمی78 فیصد تک ریکارڈ کی گئی،یونیسن ریسرچ کے مطابق11۔ 2010سے اب تک ایک ہزار یوتھ سینٹرز بند کئے جاچکے ہیں اور جنوری 2020 تک 4,500 نوجوان بیروزگار ہوچکے تھے۔وائی ایم سی اے نے ہزاروں بیچین ،تنہا اور بے کس نوجوانوں کے مستقبل کوتبدیل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے وافر فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ،وائی ایم سی اے کا کہناہے کہ فی الوقت یوتھ سروسز تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے ،اس وقت جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے مینٹل ہیلتھ کی صورت حال روز بروز خراب ہورہی ہے اور نوجوانوں کو زیادہ مدد کی ضرورت ہیلتھ سروسز کے فنڈز میں کٹوتی مناسب نہیں ہے ۔اس سے قبل کی رپورٹ میں بتایاگیاتھا کہ 50 فیصد سے زیادہ نوجوان سمجھتے ہیں کہ لاک ڈائون کی پابندیوں کے دوران ان کی ذہنی صحت کی صورت حال پہلے سے زیادہ خراب ہوئی ہے جبکہ 77 فیصد نوجوان خود کو تنہائی شکار تصور کرتے ہیں۔این ایچ ایس ڈیجٹل کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتاہے کہ گزشتہ سال 5 سے16 سال عمر کا ہر چھٹا بچہ ذہنی مریض معلوم ہوتاتھا۔وائی ایم سی اے کا کہنا ہے کہ اب یہ بات پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہوچکی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی ذاتی نشوونما کیلئے گھروں اوراسکولوں سے باہر کسی محفوظ جگہ تک رسائی حاصل ہو ،وائی ایم سی اے نے حکومت کی جانب سے یوتھ انوسٹمنٹ فنڈز کیلئے 500 ملین پونڈ فراہم کرنے کے وعدے کاخیرمقدم کیاہے لیکن اس کے ساتھ ہی کہاہے کہ یہ رقم گزشتہ ایک عشرے کے دوران ہونے والے نقصان کا تدارک کرنے کیلئے کافی نہیں ہے۔وائی ایم سی اے انگلینڈ اور ویلزکے چیف ایگزیکٹو ڈینس ہیٹن نے کہاہے کہ یوتھ سروسز کیلئے نمایاں فنڈز کی عدم فراہمی کے معنی نوجوانوں کو تنہائی کا شکار ہونے کیلئے چھوڑ دینا اور ایک پوری نسل کو ناقابل واپسی جگہ پر چھوڑ دینے کے مترادف ہوگا ان کاکہناہے کہ مناسب فنڈنگ اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ہم یوتھ سروسز کو نوجوانوں میں اعتماد پیدا کیا جاسکتاہے اور انھیں مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے،نوجوانوں سے متعلق امور کے لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر کیٹ اسمتھ کاکہناہے کہ یوتھ سروسز نوجوانوں خاص طورپر پسماندہ علاقوں میں رہنے والوں کیلئے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے ،اس رپورٹ سے ٹوریز کی جانب سے فنڈز میں شدید کمی کی نشاندہی ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے یوتھ سروسز کیلئے 500 ملین پونڈ فراہم کرنے کا وعدہ گزشتہ سال کیاتھا لیکن ابھی تک اس مقصد کیلئے ایک پینی بھی فراہم نہیں کی گئی جبکہ نوجوانوں کیلئے اس امداد کی پہلے سے کہیں زیادہ فوری ضرورت ہے ،ایک سرکاری ترجمان نے کہا ہم یوتھ سروسز کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور نوجوانوں کو کورونا کے اثرات سے بچانے کیلئے ان کی مدد کرنے کاتہیہ کئے ہوئے ہیں۔ہم نے نوجوانوں کی تنظیموں کو نوجوانوں کی مدد کیلئے 250 ملین پونڈ سے زیادہ رقم فراہم کی ہے اس طرح اس سال لوکل اتھارٹیز کو فراہم کی جانے والی مجموعی رقم 11 بلین پونڈ ہوگئی ہے،لوکل اتھارٹیز کا فرض ہے کہ وہ مقامی ضرورت کے مطابق یوتھ سروسز کیلئے فنڈ مختص کریں۔
تازہ ترین