• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیم مانڈوی والا کیخلاف ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا وغیرہ کیخلاف کڈنی ہلز ریفرنس پر سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی کردی، جمعرات کو سماعت کے دوران سلیم مانڈوی والاپیش ہوئے ،عدالت نے ملزمان اعجاز ہارون، عبدالقیوم سمیت دیگر کی حاضریاں لگائیں اور وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بغیر کاروائی 5مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی، اسی عدالت میں زیر سماعت ریفرنس کے شریک ملزم طارق محمود کی طرف سے کڈنی ہلز ریفرنس میں منجمدشیئرزکی بحالی کیلئے دائر درخواست پر بھی سماعت ملتوی کردی گئی۔دریں اثناءپیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ احتساب عدالت میں دوبارہ پیش ہوا ہوں، عدالت جب بھی بلاتی ہے ہم پیش ہو جاتے ہیں،میرا کیس نجی ٹرانزکشن کاہے، جب تک نیب یہ نجی کیسز کریگی عوام کا نقصان ہوگا، ملکی معیشت تباہ ہوتی رہے گی،نیب کو نجی کاروباری ٹرانزکشن سے دور رہنا چاہئے، نیب نجی کیسز میں عوام کو تنگ اور ہراساں کرنا بند کرے، نیب متاثرہ خاتون طیبہ نے ابھی درخواست دی ہے ابھی ہم اسے دیکھیں گے، اسکے بعد دیکھاجائیگا کہ کیس کس نوعیت کا ہے، انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان کی وفات پر بہت افسوس ہوا، میرے خلاف پرائیوٹ کیس بنایا گیا، ،یوسف رضا گیلانی کیخلاف ایسے ہی الزامات لگائے گئے،الیکشن کمیشن نے بھی یوسف رضا گیلانی کے حوالے سے فیصلہ سنا دیا ہے،یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے پر امید ہیں،سینیٹ الیکشن میں کچھ بھی ہو سکتا ہے،سب نمبر گیم کا چکر ہے ، دیکھنا ہوگا کون کتنی تیاری کرتا ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے اور کامیاب ہونگے۔

تازہ ترین