• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا ماتم، ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچا، امریکی صدر

میامی (اے ایف پی، جنگ نیوز) نیویارک کے میئر انتخابات میں ظہران ممدانی کی کامیابی پرافسردہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاماتم جاری ہے،امریکی صدر ٹرمپ نے شکست کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کردیا ، انہوں نے اپنے ایک بیان میں ری پبلکنز کی شکست کی دو وجوہات بتاتے ہوئے کہ کہا ووٹرز کے مطابق ایک وجہ بیلٹ پر ان کا نام نہ ہونا اور دوسری وجہ ملک میں جاری شٹ ڈاؤن ہے ، ٹرمپ نے 2026 کے وسط مدتی انتخابات سے قبل بذریعہ ڈاک ووٹنگ اور ووٹنگ مشینوں کے خاتمے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا اشارہ بھی دے دیا ۔ میامی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیویارک کے عوام کی جانب سے بائیں بازو کے رہنما ظہران ممدانی کو اپنا اگلا میئر منتخب کرنے کے بعد امریکا نے اپنی "خود مختاری" کھو دی ہے۔ٹرمپ نے وضاحت کئے بغیر کہا کہ "ہم اس کا خیال رکھیں گے، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کمیونسٹ بن جائے گا۔ممدانی کی فتح کے ایک دن بعد میامی میں ایک تقریر میں، ٹرمپ نے مزید کہا کہ فلوریڈا کا یہ شہر "جلد ہی نیویارک میں کمیونزم سے بھاگنے والوں کے لیے ایک پناہ گاہ بن جائے گا۔"انہوں نے اس انتخاب کو ایک "اقتصادی ڈراؤنے خواب" اور ایک "اقتصادی معجزے" کے درمیان انتخاب بھی قرار دیا۔یہ تقریر ڈیموکریٹ کمالا ہیرس کے خلاف ٹرمپ کی صدارتی انتخابی فتح کی پہلی برسی کی مناسبت سے تھی۔ٹرمپ نے اپنے حامیوں کے مجمع سے کہا، "ہم نے اپنی معیشت کو بچایا، اپنی آزادی دوبارہ حاصل کی، اور 365 دن پہلے کی اس شاندار رات کو ہم نے مل کر اپنے ملک کو بچایا تھا۔"ممدانی کی میئر ریس میں فتح ان کی پالیسیوں اور مسلمان پس منظر پر کاروباری طبقے کے اشرافیہ، قدامت پسند میڈیا مبصرین اور خود ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے شدید حملوں کے باوجود حاصل ہوئی۔قبل ازیں اپنی پوسٹس میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کا مقصد انتخابات کو شفاف بنانا ہے ، بذریعہ ڈاک ووٹنگ غیر شفاف، مہنگی اور متنازع ہے ، ریاستیں ووٹوں کی گنتی میں وفاقی حکومت کی ایجنٹ ہوتی ہیں ، اُنہیں وہی کرنا چاہیے جو وفاقی حکومت ملکی مفاد میں ضروری سمجھے ، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے طریقۂ کار پر ممکنہ ایگزیکٹو آرڈر کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید