کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقا کے خلاف کبھی ون ڈے انٹر نیشنل سیریز نہیں جیتی۔ جمعرات کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد پاکستان جنوبی افریقا کو دوسرے میچ میں ہراکر جیت کا مزا ڈبل اور پہلی بار سیریز جیت سکتا ہے۔ پاکستان نے گذشتہ سال جنوبی افریقا کو جنوبی افریقا میں تین صفر سے شکست دی تھی۔ پہلے میچ میں کپتانی سے ہٹنے والے محمد رضوان نے مشکل وقت میں نصف سنچری بناکر پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کو دو وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے بعد محمد رضوان نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی میرے لیے پہلے بھی کپتان تھا اور اب بھی ہے۔ کچھ چیزیں آپ کے ہاتھ میں نہیں ہے، یہ منیجمنٹ اور سلیکٹرز کے فیصلے ہوتے ہیں، میرے ہاتھ میں صرف محنت کرنا ہے جو میں کررہا ہوں ۔ میری کپتانی میں تمام ساتھی کھلاڑی کپتان تھے، اس لیے مجھے زیادہ فرق نہیں پڑا اور نہ ہی ہمارے رشتے میں کوئی فرق آیا ہے، اب بھی جو سمجھ آرہا ہے وہ شاہین کو مشورہ دے رہا ہوں۔میں نے اور سلمان علی آغا نے اچھی اننگز کھیلی اور ہمیں میچ فنش کرنا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تماشائیوں کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ نہ صرف اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں بلکہ وہ مہمان ٹیم کے حق میں بھی نعرے لگارہے تھے جسے دیکھ کر جنوبی افریقا والے بھی حیران ہوگئے تھے،۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی کا میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے، کوشش کریں گے اگلے میچوں میں یہ غلطی نہ دہرائیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے بڑی تعداد میں فیصل آباد والوں کا اسٹیڈیم آنے پر شکریہ ادا کیا۔ جنوبی افریقی کپتانی میتھیو بریٹ کی نے کہا کہ ہم نے 20 سے 30 رنزکم بنائے، لیکن بالرز نے آخری اوور تک فائٹ کی جس پر ہمیں فخرہے۔