• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ، 6ارب53کروڑ روپےکی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ کی ساتویں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس نے سال 21۔2020 میں 67000 اسکالرشپس کیلئے 6ارب53کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔ پیرکو 21۔2020 کے تعلیمی سال کے بجٹ کی منظوری اور کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت پیر کو احساس انڈرگریجویٹ اسکالر شپ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔کمیٹی ممبران نے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں دینے والے 111685انڈرگریجویٹ طلباء (42430طالبات) کی درخواستوں پر تبادلہ خیال کیا،پورٹل 30نومبر 2020کو درخواستوں کے حصول کیلئے بند ہوگیا تھا ۔ اجلاس میں سرکاری شعبے کی 125یونیورسٹیوں کے ساتھ پروگرام کے فیلڈ ایگزیکیوشن کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تعلیمی سال 21۔2020 میں اسکالرشپ کی تقسیم اور اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا ۔ نئی درخواستوں کی جانچ فی الحال جاری ہے اور اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ حتمی انتخاب کا عمل اپریل 2021تک مکمل ہوجائے گا ۔ ڈاکٹر ثانیہ نے بی آئی ایس پی اور ایچ ای سی کو بھی اس مرحلے میں بروقت آگاہی مہم اور فنڈز جاری کرنے پر عملدرآمد کی اپیل کی ۔ کمیٹی کو آگاہ گیا کیا کہ ایچ ای سی پبلک سیکٹر کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے طلباء کی سہولت کیلئے مارچ2021کے دوسرے ہفتے میں 15روز کیلئے پورٹل دوبارہ کھولے گا ۔

تازہ ترین