• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوویڈ کے مریضوں کے دل کو براہ راست نقصان پہنچنے کا انکشاف

لندن(این این آئی )نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ 19کے نتیجے میں ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے 50 فیصد سے زیادہ افراد میں ڈسچارج کے بعد دل کو نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دریافت کی گئی۔لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں کووڈ 19 کے نتیجے میں سنگین حد تک بیمار ہوکر لندن کے 6 ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے 148 مریضوں کو شامل کیا گیا تھا۔ان تمام مریضوں میں ایک پروٹین ٹروپونین کی سطح میں اضافے کو دیکھا گیا جو خون میں اسوقت خارج ہوتا ہے جب دل کے پٹھوں کو انجری کا سامنا ہوتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ کووڈ 19 کے ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے بیشتر مریضوں میں اسوقت ٹروپونین کی سطح میں اضافے کو دیکھا گیا جب ان میں بیماری کی شدت بہت زیادہ بڑھ گئی اورجسم کیجانب سے بیماری کے خلاف مدافعتی ردعمل بہت زیادہ متحرک ہوگیا۔ان مریضوں کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے کم از کم ایک ماہ بعد دلوں کے ایم آر آئی اسکینز کیے گئے اور معلوم ہوا کہ 54 فیصد افراد کے دلوں کو نقصان پہنچا ہے۔اس نقصان میں دل کے پٹھوں میں ورم،ان پر خراشیں یا دل کے ٹشوز کا مردہ ہونا اور دل کیجانب سے خون کی سپلائی محدود ہونا شامل تھا،کچھ مریضوں میں تینوں اقسام کے نقصان کا امتزاج بھی دیکھنے میں آیا۔
تازہ ترین