آپ آف لائن ہیں
جمعرات12؍رجب المرجب 1442ھ25؍فروری 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

شہریوں کو جائز حقوق دلانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے، شہریوں کو جائز اور قانونی حقوق دلانے کے لیے جدو جہد جاری رہے گی،”حقوق کراچی تحریک“کے مطالبات کی منظوری کے لیے اتوار 14مارچ کو قائد آباد سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی،اتور 28فروری کو نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک عظیم الشان مظاہرہ کیا جائے گا،گورنر اور وزیر اعلی ٰہاؤس میں ہماری تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان گورنر ہاؤس پر کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں ”حقوق کراچی تحریک“کے اگلے مرحلے کی تفصیلات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وفاق نے تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا ہے،سینیٹ الیکشن کے نام پر انسانوں کی منڈیا ں لگی ہوئی ہیں، اس وقت ملک میں جمہوریت کا مذاق اڑایا جارہا ہے، تمام پارٹیاں اس کام میں برابر کی شریک ہیں،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے تعلیم کو

تجارت بنا دیا ہے، لاکھوں روپے لے کرکر ڈاکٹرز بنائے جارہے ہیں،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے مفادات کے خلاف اتحاد کیا ہوا ہے،پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے جعلی متنازعہ مردم شماری کی وفاقی کابینہ میں منظوری دے کر کراچی دشمنی کی انتہا کر دی،کراچی کے عوام کے ساتھ مسلسل دھوکہ کیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت نے گرین لائن منصوبے پر پانچ سالوں میں 50فیصد بھی کام نہیں کیا، شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے گرین لائن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، کراچی سرکلر ریلوے کے نام پر عوام سے دھوکہ نہ کیاجائے، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ان کا جائز اور قانونی حقوق دینے اور شہر کے گمبھیر مسائل کے حل کیلئے کراچی میں دو بارہ مردم شماری کرائی جائے،کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، کراچی کے نوجوانوں کو سندھ حکومت اور مقامی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں،جعلی ڈومیسائل پر سرکاری ملازمتوں میں من پسند افراد اور نااہل لوگوں کو سیاسی بنیادوں پر بھرتی کیا جا رہا ہے، کے الیکٹرک کا 15سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور قومی اداروں اور عوام کے اربوں روپے واپس کروائے جائیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید