• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن ٹربیونل، فیصل واوڈا اہل، پرویز رشید نا اہل

کراچی، لاہور (اسٹاف رپورٹر، این این آئی) الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن 2021کیلئے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف قادر خان مندوخیل کی جانب سے دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی جبکہ مسلم لیگ (ن) پرویز رشید کو نااہل قرار دیدیا ٹربیونل کا کہنا تھا کہ واجبات کی کلیئرنس پرویز رشید کی ذمہ داری تھی انہیں ادائیگی کیلئے مناسب وقت دیا مگر ادا نہیں کیے۔ 

مریم نواز نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز رشید کل بھی پارٹی کا اثاثہ تھے، آئندہ بھی نواز شریف کے ساتھی رہیں گے، وہ ایک فرد نہیں بلکہ ایک سوچ، نظریے اور جمہوریت کا نام ہے، ایسی علامتیں ہر حال میں زندہ رہتی ہیں۔

پرویز رشید نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب ہائوس کے واجبات کی ادائیگی کیلئے دوستوں نے میری مدد کی ہے مجھے میرا جرم معلوم ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ 

الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ واجبات کی کلیئرنس پرویز رشیدکی ذمہ داری تھی، ریٹرننگ افسر نے پرویز رشید کو واجبات ادا کرنے کیلئے مناسب وقت دیا تھا مگر امیدوار نے واجبات ادا نہیں کئے۔

چیک کے ذریعے واجبات ادا کرنے کی قانونی حیثیت نہیں۔علاوہ ازیں منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں سینیٹ الیکشن 2021 کے لئے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ 

فیصل واڈا کے وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے کسی قسم کے حقائق نہیں چھپائے، فیصل واوڈا نے امریکی شہریت چھوڑی دی تھی،قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کی جائے۔ 

درخواست گزار کے وکیل رشید اے رضوی کہا گیا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے، 2018 کے انتخابات میں فیصل واوڈا نے امریکی شہریت کا ذکر نہیں کیا، فیصل واوڈا نے انتخابات کے بعد امریکی شہریت ترک کی، فیصل واوڈا سینیٹ انتخابات کیلئے اہل نہیں۔

الیکشن ٹریبونل کے حکم نامے کے مطابق امیدوار کے صادق یا امین ہونے کا فیصلہ ریٹرننگ افسر کے دائرہ کار میں نہیں آتا ، آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہلی کا فیصلہ آئینی عدالت کرسکتی ہے، الیکشن ٹریبونل نے قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کردی۔ 

ٹریبونل نے فیصل واوڈا کو سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دیدیا۔ دریں اثناء سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں سینیٹ الیکشن 2021کیلئے تحریک لبیک کے امیدوار یشا اللہ خان کے کاغذات منظور کرنے کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ 

الیکشن ٹریبونل نے تحریک لبیک کے امیدوار یشا اللہ خان کے کاغذات منظور کرلئے۔ الیکشن ٹربیونل نے ریٹرنگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔

تازہ ترین