• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی بائی پاس پر ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے، بی این پی

کوئٹہ(آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اراکین غلام نبی مری ،حاجی میر عبدالغفور مینگل، سیاسی و قبائلی رہنما حاجی محمد الیاس مینگل اور ملک عطا اللہ مینگل نے مشترکہ بیان میں 18 فروری کی رات کلی سردار کاریز مغربی بائی پاس کوئٹہ میں قبائلی رہنما شاہ فیصل مینگل کے گھر میں سرکاری وردی میں ملبوس ایک درجن سے زائد مسلح ڈکیت گروہ کی جانب سے گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کو 5روز گزرنے کے باوجود ابھی تک ڈاکوئوں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا، مسلح افراد 9 لاکھ روپے نقد، سونے چاندی کے زیورات، لائسنس والی 4 بندوقیں اور گھر کےتمام قیمتی سامان کے ساتھ ساتھ گاڑی بھی اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے، انہوں نے کہا کہ اس جدید ترین ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کے دور میں گھر کی دیواروں اور کئی جگہوں پر موجود فنگر پرنٹس اور چوری کئے گئے موبائل فون کے EMI کوڈ کی مدد سے ٹریس کر کے اس گروہ کو با آسانی گرفتار کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پولیس اور انتظامیہ اس واقعے کے ملزمان کو گرفتار کر نے اور کیفرکردار تک پہنچانے کے بجائے ان کی پشت پناہی کر رہے ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث تمام جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے سامان واپس کیا جائے اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے اس واقعے کے خلاف ہر سطح پر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔
تازہ ترین