• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوگل و فیس بک میڈیا کو پیسے دینگے، آسٹریلیا میں دنیا کا پہلا منفرد قانون

کینبرا (جنگ نیوز )آسٹریلیا کے پارلیمنٹ نے چند ہفتوں تک زیر غور رہنے کے بعد بلآخر دنیا کا پہلا منفرد قانون پاس کرلیا،جس کے تحت گوگل و فیس بک جیسی کمپنیاں مقامی صحافتی و نشریاتی اداروں کو معاوضے کی ادائیگی کریں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی پارلیمنٹ نے 25 فروری کو نیا قانون منظور کرلیا جس کے بعد اب گوگل و فیس بک جیسی کمپنیاں آسٹریلیا کے صحافتی اداروں کو معاوضہ فراہم کریں گی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ نئے قوانین کے تحت گوگل اور فیس بک آسٹریلوی صحافتی اداروں کو کتنا معاوضہ فراہم کریں گے، تاہم امکان ہے کہ قوانین کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیاں صحافتی اداروں کو 25 سے 40 فیصد تک کمائی کا معاوضہ ادا کریں گی۔آسٹریلوی حکومت نے گزشتہ برس کے آخر میں مذکوہ قوانین بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد گوگل و فیس بک نے آسٹریلیا میں کام بند کرنے کی دھمکی بھی دی تھی مگر بعد میں گوگل نے میڈیا کو معاوضہ فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔لیکن فیس بک نے مذکورہ قوانین سے اختلاف کرتے ہوئے 17 فروری کو آسٹریلیا میں ہر طرح کے صحافتی مواد کی شیئرنگ اور اشاعت پر پابندی لگادی تھی۔فیس بک کی جانب سے پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد کسی بھی آسٹریلوی نشریاتی و صحافتی ادارے کے مواد کو فیس بک پر شیئر نہیں کیا جا سکتا تھا اور نہ ہی بیرون ممالک کے میڈیا مواد کو آسٹریلوی شہری شیئر کر سکتے تھے۔اسی طرح بیرون ممالک کے لوگ بھی آسٹریلوی نشریاتی و خبر رساں اداروں کے مواد کو شیئر کرنے سے قاصر تھے۔بعد ازاں فیس بک و آسٹریلوی حکومت میں مذاکرات ہوئے اور دونوں مجوزہ قوانین میں کچھ تبدیلیوں پر رضامند ہوئے، جس کے بعد فیس بک نے بھی آسٹریلیا میں صحافتی مواد سے پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔تاہم تاحال فیس بک کی جانب سے پابندی ختم نہیں کی گئی اور اب آسٹریلوی پارلیمنٹ نے مجوزہ قوانین بھی پاس کرلیے۔اسی حوالے سے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نئے قوانین کے تحت گوگل سرچ انجن پر نظر آنے والے آسٹریلوی صحافتی اداروں کے مواد پر متعلقہ اداروں کو معاوضہ فراہم کرے گا۔

تازہ ترین