لاہور (رپورٹ،رئیس انصاری) برطانیہ کے ایک بڑے ٹیچنگ اسپتال میں فیٹل میڈیسن کے شعبے میں کام کرنے والی ڈاکٹر عائشہ علی کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں اسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری کردی گئی۔
ڈاکٹر عائشہ نے لاکھوں کی تنخواہ چھوڑ کر اپنے ملک میں خدمات انجام دینے کا فیصلہ کیا تھا، ان کی تقرری پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ کی تقرری میرٹ پر ہوئی، کیا برطانیہ میں میری سفارش تھی؟
یاسمین راشد نے کہا کہ عائشہ کی غلطی یہ ہے کہ وہ میری بیٹی ہے، پاکستان آنیوالے ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، کنگ ایڈورڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے رابطہ کرنے پر جنگ کو بتایا کہ سینڈیکیٹ اور بورڈ کی منظوری کے بعد ڈاکٹر عائشہ کی تقرری میرٹ پر ہوئی ہےاور ڈبل فیلو شپ رکھنے والی یہ واحد امیدوار تھیں۔
ڈاکٹر عائشہ کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری میرٹ پر ہوئی ، باہر سے ڈاکٹر واپس پاکستان آکر خدمت کرنا چاہیں تو ان کو خوش آمدید کہنا چائیے، انہیں اپنی تقرری کے بارے میں مختلف باتیں سن کر دل آزاری ہوئی ۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں گائنی کے اسپیشلائز شعبوں میں چار ڈاکٹروں کو رکھنے جانا تھا، دو میں موزوں امیدوار نہیں ملے جبکہ ان کی بیٹی کے ساتھ ایک اور ڈاکٹر کی تقرری بھی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عائشہ کی میرٹ پر تقرری ہوئی ہے، کیا برطانیہ میں ایم آر سی او جی کرنے اور نیشنل ہیلتھ سروسز کے ایک بڑے ٹیچنگ اسپتال میں بھی میری سفارش تھی، پتہ نہیں اس بات کو اسکینڈل بنانے کی کوشش کیوں کی جارہی ہے،عائشہ کی غلطی یہ ہے کہ وہ میری بیٹی ہے، ہمیں یہ دیکھنا چائیے کہ ڈاکٹرپاکستان آکرخدمات انجام دیں تو ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ علی جو23 سال سے ڈاکٹری کے شعبے سے وابستہ ہیں، انہوں نے 1998 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس پاس کیا، زمانہ طالب علمی میں کئی میڈل بھی حاصل کئے، گائنی کے شعبے میں ایف سی پی ایس کرنے کے بعد ایک میڈیکل کالج میں ساڑھے تین تک پڑھاتی رہیں، پھراعلی تعلیم کے لئے برطانیہ چلی گئی اور وہاں ایم آر سی او جی کرنے کے بعد رائل کالج سے فیٹل میڈیسن میں تربیت لینے کے بعد برطانیہ کے ایک بڑے اسپتال میں کام کررہی ہیں۔