• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر حسین اور نوشین شاہ کے معاملے میں نور بخاری کی انٹری

معروف اداکار یاسر حسین کی جانب سے اپنی شادی پر اداکارہ نوشین شاہ کو بن بلایا مہمان کہنے کے معاملے میں نور بخاری بھی کُود پڑیں۔

اس ضمن میں سابقہ اداکارہ نور بخاری نے اپنے ایک تبصرے میں کہا کہ ’میں نے لندن میں یاسر حسین اور نوشین شاہ کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ دونوں بہت اچھے دوست تھے۔‘

نور بخاری نے اداکارہ کا ساتھ دیتے ہوئے لکھا کہ ’نوشین شاہ ایسی نہیں کہ جو دعوت کے بغیر کسی کی تقریب میں چلی جائیں۔‘

سابقہ اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ یاسر حسین نوشین شاہ معاملے میں جھوٹ بول رہے ہیں۔‘

اُنہوں نے اداکار سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یاسر کو نوشین سے معافی مانگنی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں اداکار و میزبان یاسر حسین نے نجی ٹی وی کے شو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی اور اداکارہ اقرا عزیز کی شادی میں اداکارہ نوشین شاہ بن بلائی مہمان تھیں۔

دوسری جانب اداکارہ نوشین شاہ نے کہا تھا کہ مجھے یاسر پر افسوس ہے کیونکہ یقینی طور پر یاسر کے ساتھ کچھ شدید ذہنی مسائل ہیں اور مجھے اقرا پر بھی افسوس ہے کہ وہ اس کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ یاسر کی بات سے مایوس ہوئی توقع کرتی ہوں کہ وہ معافی مانگیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ کیا کوئی کسی کے گھر بن بلائے جا سکتا ہے؟ میں کسی کے گھر بھی نہیں جاتی، اگر مجھے نہ بلایا جائے تو شادی میں کیسے جاتی؟ بے وقوف کو اپنی تقریر سے اور دانش مند کو اپنی خاموشی سے پہچانا جاتا ہے، یاسر نے مجھے خود فون کیا اور شادی پر مدعو کیا تھا۔

تازہ ترین