• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کے لئے جوڑ توڑ، پختونخوا میں جماعت اسلامی PDM اتحاد، سندھ میں پی پی پی وفد کی متحدہ دفتر آمد، بلوچستان میں یار محمدرند، اختر مینگل ملاقات


کراچی، اسلام آباد، پشاور(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ، جنگ نیوز)سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اس جوڑ توڑ عروج پر ہے، خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن اتحاد کیلئے پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی میں معاملات طے پاگئے، سندھ میں پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں متحدہ رہنمائوں سے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہوگی، بلو چستان نیشنل پارٹی (مینگل ) کے سربر اہ سر دار اختر جان مینگل نے تحریک انصا ف بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سر دار یار محمد رند سےملاقات کی جس میں میں سینیٹ الیکشن اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیا ل ہوا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی سینیٹ میں اپنے امیدوار حفیظ شیخ کو کامیاب کرانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں، حکومت نے اپنے اتحادیوں اور ناراض ارکان کے ووٹ لینے کی کوششیں تیز کر دیں ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی میں معاملات طے پاگئے جبکہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کیلئے 2 نشستوں پر امیدوار دستبردار کرنے پر رضامند ہوگئی۔ 

خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دیگر جماعتوں سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی بھی سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کو سپورٹ کریگی۔ 

پیپلز پارٹی کے پی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائش گاہ پرپی ڈی ایم اور جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے عباس آفریدی اور میاں عالمگیر شاہ بھی شریک ہوئے۔پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر، محمد علی شاہ باچا، احمد کریم کنڈی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

جے یو آئی سے مولانا لطف الرحمٰن اور محمود احمد بیٹنی بھی شریک ہوئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک اور حاجی ہدایت اللہ خان بھی شریک ہوئے۔ 

اس موقع پر کے پی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جماعت اسلامی اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ دیگی۔ پانچ جماعتوں کی جانب سے پانچ امیدوار میدان میں اتارے جائینگے جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن)،جمعیت علمائےاسلام اور عوامی نیشنل پارٹی جنرل نشستوں کیلئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ 

جے یوآئی کے مولانا عطاءالرحمٰن،اے این پی کے حاجی ہدایت اللہ خان اور مسلم لیگ(ن)کی جانب سے عباس آفریدی امیدوار ہونگے۔ پیپلزپارٹی کو ٹیکنوکریٹ نشست دی گئی ہے جس پر فرحت اللہ بابر امیدوار ہونگے جبکہ جماعت اسلامی خواتین کی نشست پر قسمت آزمائی کری گی جس کیلئے عنایت بیگم انکی امیدوار ہونگی۔ 

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کیلئے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کردی۔ پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیوایم پاکستان مرکز بہادرآباد پہنچا جس میں ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی شامل تھے۔ 

ایم کیو ایم رہنماؤں اور پی پی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جسکے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر یہاں آئیں ہیں، متحدہ نے کہا ہے کہ ہماری گزارشات کو رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے۔ناصر حسین کا کہنا تھاکہ پنجاب میں تحریک انصاف بہت خوفزدہ تھی، تحریک انصاف کے امیدواروں پر ان کے ہی اراکین کو تحفظات تھے۔

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کا کہنا تھاکہ مرکز آمد پر پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تاخیر سے ہی صحیح لیکن پیپلزپارٹی نے گزارشات رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے درخواست کی ہے کہ شہری سندھ سے احساس محرومی کو دور کیا جائے۔

عامر خان کا کہنا تھاکہ احساس شراکت اور بلدیاتی اداروں کا بھی مسئلہ ہے، سینیٹ کا وقت تو گزر جائیگا لیکن مسائل حل کرنا ہونگے۔ ادھر ہفتہ کو بلو چستان نیشنل پارٹی (مینگل ) کے سربر اہ سر دار اختر جان مینگل پار لیمانی وفد کے ہمراہ سر دار یار محمد رند کے گھر پہنچے جہاں پر دونوں رہنمائوں نے وفد کے ہمراہ تفصیلی ملاقات کی ملا قات میں سیا سی صورتحال پرتبادلہ خیا ل ہوا۔ اس مو قع پر سردار اختر جان مینگل کے سا تھ تمام ایم پی ایز بھی مو جو د تھے۔

تازہ ترین