• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FATF، بھارت سے زیادہ فرانس نے پاکستان کی مخالفت کی

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس کی جو اطلاعات سامنے آئیں ہیں ان کے مطابق اس اجلاس میں پاکستان کے روایتی حریف انڈیا سے بھی بڑھ کر یورپ کے ایک بااثر ملک فرانس نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔ 

فرانس کی طرف پاکستان کی کھل کر مخالفت کی وجہ کیا ہے، کیا اسکے پیچھے فرانس کے انڈیا کے ساتھ ہونے والے دفاعی آلات کی فراہمی کے معاہدے ہیں یا حالیہ مہینوں میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ نمائش پر پاکستان کی حکومت کا ردعمل ہے۔

پاکستان کے ممتاز سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین شیخ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرانس انڈیا کے ساتھ اپنے تجارتی معاہدوں کو بڑھانے کی غرض سے ایسے کام کر سکتا ہے جس سے اس انڈیا خوش ہو۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کے حوالے سے ہندوستان اور فرانس ایک ہی صفحے پر ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے حوالے سے فرانس کے رویے کو انڈیا کے ساتھ اسکے دفاعی سازو سامان کی فروخت کے روشنی میں دیکھا جائے تو فرانس کی مخالفت کی وجہ سمجھ آتی ہے۔ 

انڈیا نے حال میں فرانس سے دفاعی پیداوار کے متعدد معاہدے کیے ہیں اور جن میں جدید جنگی طیارے رفال کا سودا بھی شامل ہے۔

نجم الدین شیخ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اپنی صورت حال کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور اس غرض سے اسے یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ دینی چاہیے۔ 

انھوں نے کہا کہ ایسا دیکھا گیا ہے کہ کئی بار فرانس کی پالیسی یورپی یونین کی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتی۔

تازہ ترین