• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے مات دیدی


پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 کے 11 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو 6 وکٹ سے مات دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر کھیلے گئے آج کے واحد میچ میں کراچی کنگز نے شرجیل خان اور محمد نبی کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے مقررہ 20 اوورز میں9وکٹ پر187 رنز کا ہدف اسکور بورڈ پرسجادیا۔

پی ایس ایل 5 کی رنراپ ٹیم نے چھٹے ایونٹ کے پہلے ہی مرحلے میں کراچی کنگز سے حساب چکتا کردیا اور میچ 6وکٹ سے جیت لیا۔


لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کا 187رنز کا ہدف 19اعشاریہ 2 اوورز میں حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز سے دوسری پوزیشن بھی چھین لی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان نے 54 گیندوں پر 83 کی شاندار اننگز کھیلی، بین ڈنک نے 57 اور ڈیوڈ ویسا نے 31رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی طرف سے شرجیل خان نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی ، دوسری طرف محمد نبی نے 35 گیندوں پر 57 رنز بنائے ۔

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے 3، احمد دانیال ، حارث رؤف، ڈیوڈ ویسا اور سمت پٹل نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور جوڈینلی ، محمد عامر کے پہلے ہی اوورز میں پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ بھی 15 رنز بناکر وقاص مقصود کو شکار بن گئے۔

تیسری وکٹ پر اوپنر فخر زمان نے بین ڈنک کے ساتھ مل کر 119 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی ،152 کے اسکور پر فخر کرسٹیان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 54 گیندوں پر 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس موقع پر میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ، لاہور قلندرز کو 16گیندوں پر 35رنز درکار تھے ، ایسے میں دیوڈ ویسا نے 9 گیندوں پر 31 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور میچ 4 گیندوں قبل ہی ختم کردیا۔

شاہین شاہ آفریدی کو بہترین بولنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین