اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) فروری میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 8.70فیصد ہوگئی اور چار ماہ کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئی ،مرغی،بجلی،گھی ،پھل،گارمنٹس ،دالیں،چاول مہنگے ہوگئے، ٹماٹر ، انڈے ، پیاز ، سبزی کی قیمتوں میں کمی۔
رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.25فیصد رہی ، مہنگائی چار ماہ کی بلند ترین شرح پر ، جنوری کے مقابلے میں مہنگائی میں 3فیصد اضافہ ہوا۔
کنزیومر پرائس انڈکس کے مطابق فروری میں جنوری کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 3فیصد اضافہ ہوا، جنوری میں مہنگائی کی شرح 5.70فیصد تھی ، رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.25فیصد رہی۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق فروری میں میں مرغی کی قیمت میں 37فیصد ، بجلی چارجز میں 29.45فیصد، جوتوں کی قیمت میں 14.66فیصد، خوردنی تیل 11.92فیصد،پھل 9.26فیصد ، گھی 9فیصد، مصالحہ جات 5.50فیصد، دال چنا 4.48فیصد، دال مسور 3.28فیصد، دال ماش 2.62فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس 2.93فیصد، گاڑیوں کا ایندھن 1.64فیصد اور چاول کی قیمت میں 1.20فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹماٹر 58.7فیصد ، آلو12.92فیصد ، انڈے 10.38فیصد ، پیاز 7.88فیصد ، سبزی کی قیمتوں میں 7.35فیصدکمی ریکارڈ کی گئی ۔