پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچوں میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے اور لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسے منفرد شلوار چیلنج پورے کرتے ہوئے پریشان ہوگئے۔
پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے شلوار میں ازاربند ڈالنے اور پہننے کے چیلنج کو ’شلوار چیلنج‘ کا نام دیا گیا ہے۔
دو منٹ کے مقررہ وقت میں ڈیوڈ ویسے یہ چیلنج پوار کرنے میں تو ناکام رہے لیکن اسے پورا کرنے کے دوران وہ کافی پریشان دکھائی دیے۔
شلوار دیکھتے ہی پہلے تو انہوں نے کہا کہ ’اتنی بڑی کمر۔‘
پی ایس ایل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ ویسے پہلے تو شلوار دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں لیکن پھر وہ بغیر ازار بند کے پہننے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
اس میں بھی ناکامی کے بعد وہ بغیر ازاربند کے آگے سے گرہ باندھ کر شلوار پہننے کی کوشش کرتے ہیں۔
جنوبی افریقی کرکٹر کو سامنے سے ازاربند میسر ہوا تو اسے بھی شلوار میں ڈال نہ سکے اور کہا کہ میں بالکل بے وقوف لگ رہا ہوں۔
ڈیوڈ ویسے سے قبل ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل یہ چیلنج پورا کرنے میں کامیاب رہے تھے، انہوں نے شلوار میں ازاربند ڈالنے کے بعد ڈانس کر کے خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔