• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثہ میں میاں بیوی جاں بحق، ایک قتل، 45 سالہ شخص کی پراسرار موت

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں میاں بیوی سمیت چارافراد جان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ چونترہ کے علاقہ میں ٹریفک حادثہ میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایچ اوچونترہ انسپکٹرعامرخان نے بتایاکہ خورشید اپنی اہلیہ مسرت شاہین کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھاکہ اس دوران چک بیلی روڈپران کی موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی اینٹوں سے لدی ایک ٹریکٹرٹرالی سے ٹکراگئی جس سے دونوں میاں بیوی شدیدزخمی ہوگئے اورزخموں کی تاب نہ لاتے دونوں دم توڑگئے۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں 45سالہ شخص کمرے میں مردہ پایاگیا۔ایس ایچ اوتھانہ ائرپورٹ سیدجوادشاہ نے بتایاکہ شیخ وسیم عرف مون ولدشیخ محمددین کاگزشتہ رات اپنی اہلیہ سے جھگڑاہوااوروہ گھرسے نکل کربرماشیل کے قریب رہائش پذیراپنی ہمشیرہ کے ہاں چلاآیاوہ ذہنی طورپراپ سیٹ تھا جہاں وہ ایک کمرے میں سویاصبح جب وہ نہ اٹھاتوگھروالوں کوتشویش ہوئی جس پرپولیس کواطلاع دی گئی جب پولیس موقع پرپہنچی تووہ کمرے میں مردہ پایاگیا اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعدمیت ورثاکے حوالے کردی۔ منگل کی رات نامعلوم افرادنے تھانہ سول لائن کے علاقہ لالکڑتی بازارمیں ایک کارپر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔ملزمان گنجان آبادعلاقہ میں واقع پررونق بازارمیں کھلم کھلافائرنگ کر کے فرارہوگئے۔ فائرنگ سے بازارمیں بھگدڑمچ گئی اورلوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت وقارکے نام سے ہوئی ہے جس کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی گئی۔ جبکہ فائرنگ سے مقتول کاماموں جہانگیرزخمی ہوگیا۔پولیس کاکہناہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلوجھگڑے کی بناپرپیش آیا۔
تازہ ترین