• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا نام غلطی سے دیا گیا، پاناما لیکس

Pm Nawaz Name Mistakenly Added In Panama Papers
پاناما لیکس کی خبروں میں نوازشریف کا نام غلطی سے دیا گیا، آئی سی آئی جے نے غلطی تسلیم کرکے نام واپس لے لیا ۔ آف شور کمپنیاں وزیر اعظم نواز شریف کے بچے چلاتے ہیں۔

پاناما پیپرز کے ذریعے تہلکہ مچانے والی تنظیم آئی سی آئی جے نے وضاحت کی ہے کہ 21اپریل 2016ءکو حسن نواز اور حسین نواز کے نام اپ ڈیٹ کردیئے۔

انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس نے وضاحت کی ہے کہ ایڈیٹنگ کی غلطی کے باعث خبر میں یہ جملہ چلا گیا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم آف شور کمپنیاں چلاتے ہیں تاہم آف شو ر کمپنیاں ان کے بچے چلاتےہیں۔

یہ پیش رفت ن لیگ کے رکن پارلیمنٹ دانیال عزیز کی جانب سے آئی سی آئی جے کو کی جانے والی شکایت کے بعد سامنے آئی۔انہوں نے خط میں اپنی شکایت میں موقف اختیار کیا تھاکہ وزیر اعظم کے تذکرے میں غلطی کی گئی۔

آئی سی آئی جے کو جاری کیے جانے والے خط میں لکھا گیا ہے کہ ادارے کی رپورٹ میں محمد نواز شریف کا حوالہ دیاجانا عناد پر مبنی اور بے بنیاد ہے، وہ پاکستان کے وزیر اعظم بھی ہیں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ آپ کی طرف سے جاری ہونے والی خبروں کے مواد میں متعدد تضادات اور غلطیاں ہیں، بے شک اس امر میں بد نیتی ہی شامل ہوسکتی ہے تاکہ وزیرا عظم پاکستان کو بدنام کیا جائے۔اس سب کا حتمی مقصد پاکستان کے جمہوری طور پر منتخب شدہ رہنما اور حکومت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے تاکہ پروپیگنڈہ پھیلا کر ذاتی مقاصد حاصل کرنے والوں کو فائدہ ہو۔

ادھر پاناما لیکس کا دوسرا دھماکا 9 مئی کو ہو گا ۔جس میں 400 سے زائد پاکستانی سیاستدانوں اور کاروباری افراد کی دوسری فہرست جاری ہو گی۔

آف شور کمپنیوں کے پاکستانی مالکان کی اکثریت کا تعلق کراچی اورلاہور سے ہے۔ فہرست میں اکثریت کا تعلق کاروباری برادری سے ہے۔
تازہ ترین