• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکنائی‘ نمک اور میٹھے سے بنی اشیاء کے استعمال سے بیماریاں بڑھ رہی ہیں ، ماہرین

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) دل سمیت متعدد امراض کی بنیادی وجہ موٹاپا ہے‘ صحت مند جسم کیلئے قدرتی غذا نہایت اہم ہے۔ مضر صحت غذائیں‘ چکنائی‘ نمک اور میٹھے سے بنی اشیاء کا استعمال بیماریوں میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پناہ کے سینئر نائب صدر بریگیڈئر ڈاکٹر عبدالقیوم نے موٹاپے کے عالمی دن پر سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انچارج وزارت ٹوبیکو کنٹرول سیل ڈاکٹر ضیاء السلام نے کہا کہ دنیا بھر میں 8سو ملین افراد موٹاپے کا شکار ہیں‘ 2025ء تک موٹاپے کے شکار افراد کے علاج پر ایک ٹریلین ڈالر سے زائد اخراجات آئینگے لہٰذا میٹھے سے بنی اشیاء سے گریز کر کے خود کو بیماریوں سے بچائیں۔ ڈاکٹر جنید سلیم نے کہا کہ موٹاپا ایک بیماری ہے جو جسم میں چربی کی مقدار بڑھنے سے ہوتا ہے‘ اس سے دل کے امراض بڑھتے ہیں۔ چار چمچ بہترین آئل سے دو چمچ دیسی گھی زیادہ بہتر ہے۔ جگر پر چربی ہونے سے کینسر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا ورزش کو معمول بنایا جائے۔ شوگری ڈرنکس‘ تمباکو نوشی‘ اضافی خوراک‘ شراب نوشی وغیرہ موٹاپے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ منور حسین نے کہا کہ 5سال سے کم عمر کے 38ملین بچے بھی موٹاپے میں مبتلا ہیں۔ اگر ہم چینی اور اس سے بنی اشیاء جیسے شوگری ڈرنکس وغیرہ سے پرہیز کریں تو موٹاپے کی وجہ سے دل‘ کینسر‘ ذیابیطس‘ دماغی امراض و سانس پھولنے جیسے امراض سے بچ سکتے ہیں۔ ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ صحتمند معاشرہ کامیابی کی علامت ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق این سی ڈیز بنیادی طور پر دل‘ موٹاپا‘ پھیپھڑوں‘ کینسر‘ ذیابیطس و دیگر امراض ہیں۔ دس میں سے سات اموات اسی وجہ سے رونما ہوتی ہیں۔ شوگری ڈرنکس کا کثرت سے استعمال روکنا ہوگا۔
تازہ ترین