• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیلانی کرپٹ ترین، نواز شریف 30 سال ملک کو لوٹ کر بھاگ گیا، وزیر اعظم عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نےمخالفین کو جارحانہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ فضل الرحمان ہمیشہ سے دو نمبر آدمی ہے ‘ آصف علی زرداری دنیا بھرمیں 10 پرسنٹ سے مشہورہے‘کہا جاتا ہے ایک زرداری سب پر بھاری ‘ وہ رشوت دیتا ہےاس لیے وہ بھاری ہے؟۔

یوسف رضاگیلانی کرپٹ ترین آدمی ہے ‘گیلانی کے وزیراعظم بننے سے پہلے اور بعد کے اثاثے چیک کریں سب پتہ چل جائے گا‘نوازشریف ایک ڈاکو ہے جو 30سال ملک کو لوٹ کر باہر بھاگ گیا ‘ الیکشن کمیشن کے بیان پر حیرت ہوئی کہ ہم نے بہت اچھا الیکشن کرایا‘اگر یہ سینیٹ انتخاب اچھاتھاتو برا کیا ہوتاہے۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے بریفنگ لے کہ سینٹ الیکشن میں کتنا پیسہ چلا ہے‘کرپشن کے خاتمہ میں پورے معاشرے کا اہم کردار ہے ،یہ کام صرف قوانین سے نہیں ہوسکتا‘مجرموں کو سزائیں دلانے کے لئے ہماری حکومت نیب اور عدالتوں کودرکار ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا‘ ہم انتخابی اصلاحات کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام لائیں گے ‘پاکستان مشکل دور سے نکل کر اب آگے بڑھ رہا ہے‘راوی سٹی، بنڈل آئی لینڈ اور والٹن بزنس سنٹر جیسے منصوبے شروع کررہے ہیں جس سے ہونے والی آمدن سے قرض واپس کریں گے۔ 

ہفتہ کو قومی اسمبلی سے اعتماد کی قرارداد کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز حالات دیکھے تو حفیظ شیخ کی ہار پر سب تکلیف میں مبتلا تھے‘ اس وقت ایک ٹیم نظر آنا مجھے بہت اچھا لگا‘اب ہماری ٹیم مضبوط ہوتی جائے گی۔حالیہ سینٹ انتخابات پر شرمندگی ہوتی ہے۔ کہاں وہ خواب کہاں خریداروں کی بکرا منڈی بنی۔ 

الیکشن کمیشن کی طرف سے اچھا الیکشن کروانے کی بات پر مجھے صدمہ پہنچا ہے۔ اگر یہ اچھا انتخاب ہے تو برا انتخاب کون سا ہوتا ہے۔زرداری جسے پوری دنیا نے کرپٹ ثابت کیا ہے۔ اس ملک میں ایک زرداری سب پر بھاری کے نعرے لگے کیونکہ وہ پیسے دیتا ہے۔ 

نواز شریف ڈاکو‘ ملک سے جھوٹ بول کر بھاگا ہوا ہے۔ کابینہ میں چھ گھنٹے اس پر بات ہوئی کہ وہ جہاز پر بھی نہیں چڑھ سکتا‘ شیریں مزاری جیسی مضبوط خاتون کے آنسو نکل آئے، وہاں جاتے ہی صحت یاب ہوگیا۔ اب وہ خطاب کر رہا ہے۔ 

پاکستان کا 60 ملین ڈالر سوئٹزرلینڈ میں پڑا ہوا تھا‘ اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کی طرف سے کہا گیا کہ وہ یہ پیسے پاکستان واپس لانے کے لئے خط لکھے‘ یہ پیسہ ان کے باپ کا تھا وہ یہاں اس طرح پھر رہا ہے جیسے نیلسن منڈیلا ہے۔ ان کا صرف ایک خوف ہے کہ یہ این آر او نہیں دے گا‘ ان کا ایک شہزادہ اور شہزادی آگئے‘ جنہوں نے کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال بہت برداشت کیا۔ یہ سب 14 سال میرا مذاق اڑاتے رہے۔ اڑھائی سال زندگی کی مشکل ترین جدوجہد تھی۔میں اپوزیشن سے پوچھتا ہوں کہ کیا ان کے لیڈر واقعی ایماندار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اکیلا عمران خان کرپشن کرپشن کرکے یہ ختم نہیں کر سکتا۔کرپشن کے خاتمے کا فیصلہ معاشرے نے کرنا ہے۔ سب سے زیادہ دباؤ مہنگائی کا ہے۔حکومت مہنگائی کا بوجھ کم کرنے پر لگی ہے۔

تازہ ترین