• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ببل میں وائرس کیسے پہنچا، تحقیقات کیلئے 2 رکنی پینل قائم، رپورٹ 31 مارچ تک پیش ہوگی

ببل میں وائرس کیسے پہنچا، تحقیقات کیلئے 2 رکنی پینل قائم، رپورٹ 31 مارچ تک پیش ہوگی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سکس کے دوران مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز کے دوران ہونے والی بدانتظامی اور ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کی تحقیقات کے لئے دو رکنی غیر جانب دارانہ تحقیقاتی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔ کمیٹی ایونٹ سے منسلک لوگوں،فرنچائز مالکان، ٹیموں اور پی سی بی ملازمین سے معلومات کی روشنی میں غیر جانب دارانہ رپورٹ بنائے گی ۔ اس رپورٹ کی روشنی میں پی سی بی ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے گا اور مستقبل کے لئے مربوط اور فول پروف پلاننگ بنائے گا۔ ہفتے کو پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کی جانب سے استعفے کے بعد اتوار کو چھٹی والے دن پی سی بی نے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمی محمد عباس پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی نے ابھی تک ڈاکٹر سہیل سلیم کا استعفی منظور نہیں کیا ہے ۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق آزاد پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین کو پیش کرے گا۔ آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی اور ہمیں سفارشات پیش کرے ۔ دریں اثنا پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 20 میچز سے متعلق پیر کو چیئرمین احسان مانی ، فرنچائز مالکان سے ورچوئل میٹنگ کریں گے۔کراچی میں پی سی بی انتظامیہ نے جو پلان بنایا تھا اسے فرنچائز مالکان کے سامنے رکھا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سپر لیگ کیلئے جون 2021 کی ونڈو نکالی ہے۔میزبانی کیلئے کراچی مضبوط امیدوار ہے۔ احسان مانی فرنچائزز سے مشاورت کرینگے، حتمی فیصلہ بورڈ کا ہوگا۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ سے قبل پاکستان کے لئے بورڈ ہر صورت بقیہ 20میچ کروانا چاہتا ہے۔ میڈیا اور عوام کے پی ایس ایل باقی میچ دیکھنے کے بارے میں فیصلہ مستقبل میں ہوگا، امکان ہے کہ میڈیا کو پریس باکس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اس حوالے سے کئی تجاویز پر کام ہورہا ہے۔ کمنٹیٹر ز اور ٹی وی اسٹاف بائیو سیکور ببل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جون میں پی ایس ایل میچ کرانے کا مقصد آئی پی ایل کے ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی دستیابی ہے۔ ببل کیلئے غیرملکی فرم کی خدمات اور اخراجات پر فرنچائزز کو چیئرمین اعتماد میں لیں گے۔

تازہ ترین