امریکا کی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے میگھن مارکل کے شاہی خاندان پر نسل پرستی کے حوالے سے دیے گئے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیری اور میگھن کے دُکھ کو سمجھتی ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر سرینا ولیمز نے میگھن کو اپنی بہترین دوست کہتے ہوئے لکھا کہ ’وہ جانتی ہیں میڈیا خواتین کو کم تر ثابت کرنے کیلئے جنسی اور نسل پرستی پر طعنے دیتا ہے اور ہمیں توڑنے کی کوشش کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ مجھے میگھن نے سکھایا کہ ’نیک ہونے کا کیا مطلب ہے۔‘ انٹرویو کے دوران بات چیت بتاتی ہے کہ میگھن کا تجربہ کتنا بُرا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسا معاشرہ چاہتی ہوں جہاں میگھن کی بیٹی، میری بیٹی یا کسی کی بھی بیٹی بغیر نسلی تعصب کا شکار ہوئے نشونما پائے۔
خیال رہے کہ ٹینس اسٹار نے اس سے قبل امریکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں امپائر پر صنفی تعصب برتنے کا الزام لگایا تھا۔
میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو تہلکہ خیز انٹرویو دیتے ہوئے شاہی محل کے حوالے سے انکشافات کیے۔
میگھن کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کو تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی، میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میری کردار کشی کی گئی۔