برطانوی شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل نے اپنے ہاں نئے آنے والے مہمان کی جنس کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگی۔
میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو تہلکہ خیز انٹرویو دیتے ہوئے ناصرف شاہی خاندان کے راز افشا کیے بلکہ نئے آنے والے مہمان کے حوالے سے بھی انکشاف کیا۔
انٹرویو کےدوران ہیری اورمیگھن نے اپنے ہاں بچی کی پیدائش کی خوشخبری سنائی۔
خیال رہے کہ مئی 2018 میں شادی کرنے والے ہیری اور میگھن کے ہاں 6 مئی 2019 کو پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
ہیری اور میگھن کے بیٹے کو ’ماسٹر آرچی ماؤنٹ بینٹن ونڈسر‘ کا نام دیا گیا تھا۔ ’آرچی‘ کے نام سے پہلے شہزادے کا لقب استعمال نہیں کیا گیا بلکہ ان کے نام سے پہلے ماسٹر لگایا گیا۔
انٹرویو کے دوران میگھن مارکل نے انکشاف کیا کہ ان کی اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہوچکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی، میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میری کردار کشی کی گئی۔
شاہی خاندان کے حوالے سے میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان سے متعلق تصور اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔ ملکہ برطانیہ سے پہلی ملاقات رسمی نہیں تھی، شاہی خاندان نے مشکل وقت میں ذہنی سکون کے لیے میری مدد نہیں کی۔
میگھن مارکل کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے وہ اچھا محسوس کررہی ہیں کہ کوئی ان کی ٹوہ میں نہیں ہے۔
شہزادہ ہیری نے کہا کہ شاہی محل کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنی ماں شہزادی ڈیانا کی تکلیف کا سوچ کر ان کا دل تڑپتا ہے کیونکہ وہ اور میگھن ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جبکہ ڈیانا اس تمام صورتحال میں تنہا تھیں۔