بھارتی ٹیلی ویژن کے مشہور سوپ اوپیرا میں پریرنا شرما کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی شویتا تیواری نے اپنی 20 سالہ بیٹی پلک تیواری کو 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک خط تحریر کیا، جس میں انھوں نے گھریلو تشدد کے اہم مسئلے پر اپنی بیٹی کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر کبھی خاموش نہ رہنا بلکہ اس پر بولنا۔
شویتا نے اپنے انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ انھوں نے گھریلو تشدد کے خلاف کس طرح پہلا قدم اٹھایا۔ انکا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگوں نے ان کے اس اقدام کی حوصلہ شکنی کی اور کہا کہ اس کے اثرات بچوں پر پڑیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد پر میرے اقدام پر بہت سے لوگوں نے بہت کچھ کہا، بلکہ وہ آج بھی کہتے ہیں، مجھے کہا گیا کہ اپنے بچوں اور اپنی بیٹی کے بارے میں سوچو۔ لیکن نہیں، میں نے جو کچھ کیا اس سے میری بیٹی سمجھدار، ذہین اور مضبوط ہوگئی۔ وہ صحیح اور غلط چیزوں میں فرق سمجھنے لگ گئی ہے۔
شویتا کا کہنا ہے کہ انھوں نے زندگی میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم جب بھی انھوں نے خود کو غیر محفوظ محسوس کیا، تو اپنی پوری قوت کے ساتھ اپنے حق اور اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے کھڑی ہوگئیں، میری بیٹی ہر اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ کھڑی رہی اور آج وہ طاقتور و توانا ہے۔