• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویڈیوز اسکینڈل، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، PTI کی درخواستیں واپس کردیں

ویڈیوز اسکینڈل، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، PTI کی درخواستیں واپس کردیں


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی تحریک انصاف کی استدعا مستردکرتے ہوئے ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن نے درخواست واپس کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں موجودتمام افراد کو فریق بنا کر دوبارہ درخواست دائر کی جائے‘جن افراد کے درمیان لین دین ہے اسے ثابت کر دیں تو سب کے خلاف کارروائی بنتی ہے‘یہ نہیں ہوسکتاکہ پیسے دینے والا برابن جائے اور لینے والا دندناتا پھرے‘علی حیدر گیلانی کی وڈیو میں پیسوں کا ذکر ہے اور نہ ہی ٹکٹ دینے کاہے‘رقم لینے والوں کا بیان حلفی توہونا چاہئے تھا ‘ انصاف وہ نہیں ہوتا جو آپ کے حق میں ہو ، ہم چاہتے ہیں انصاف ایسا ہو جو نظر آئے ۔

تفصیلات کے مطابق علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل کیس کی الیکشن کمیشن میں الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 160 اور حکومت کی 180 ہے۔ 

الیکشن میں اگر کرپشن نہ ہوتی تو اس عددی لحاظ سے حفیظ شیخ سینیٹ الیکشن جیت جاتے۔ الیکشن سے قبل اطلاعات آئیں کہ مخالف امیدوار پی ٹی آئی کے ممبران پر اثرورسوخ استعمال کر رہا تھا۔ 

قبل از انتخابات ووٹ خریدے جا رہے تھے‘پارٹی ٹکٹ آفر کیے جا رہے تھے‘ پیسے آفر کیے جا رہے تھے‘ دو مارچ کو ویڈیوآئی کہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو رشوت دیتے ، ووٹ خریدتے دیکھایا گیا۔

اس موقع پر الطاف ابراہیم قریشی نے ریمارکس دیئے کہ جن افراد سے ڈیل ہو رہی ہے، جو ویڈیو میں ہیں آپ ان کو جانتے ہیں؟ کیا ضروری نہیں تھا کہ ویڈیو میں موجود افراد کو آپ جوابدہ بناتے ؟ جن افراد نے پیسے لیے ان کا بیان حلفی تو درخواست کے ساتھ آ جانا چاہیے تھا، ملوث افراد کے بیان تو آتے کہ انھیں واقعی آفر ہوئی تھی۔

علی ظفر نے کہا کہ جب ویڈیو سامنے آئی تو الیکشن کمیشن نے بھی معاملے کا از خود نوٹس لیا جس پر الطاف ابراہیم نے کہا کہ ہم نے تو کوئی نوٹس نہیں لیا تھا، آپ اس درخواست میں دیگر افراد کو فریق بنائیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفرنے کہا کہ ویڈیو آتے ہی ہم نے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی، اس درخواست پر ابھی تک نوٹس نہیں ہوا ، تین مارچ کو الیکشن ہو گیا، امیدوار کو 12 اضافی ووٹ مل گئے ، امیدوار کا بیٹا یہ اپنے لیے نہیں ، اپنے والد جو امیدوار ہے اس کے لیے کر رہا ہے۔

الطاف ابراہم قریشی نے کہا کہ جنھوں نے خرید و فروخت کی انھیں آپ جوابدہ بنائیں، آپ ان افراد کو لانے سے گھبرا کیوں رہے ہیں، فراخ دلی کا مظاہرہ کریں، انھیں کمیشن لائیں جو مستفید ہوئے، درخواست پر ان افراد کے نام لکھیں انھیں جوابدہ بنائیں۔

اس پر علی ظفر نے کہا کہ مریم نواز نے تقریر میں کہا کہ پیسہ نہیں مسلم لیگ کی ٹکٹ چلی ہے جس پر الطاف ابراہیم نے کہا کہ انھوں نے یہ کہا کہ ٹکٹ چلا ، یہ نہیں کہا کہ ٹکٹ دیں گے‘ یہ بیان تو کسی رنگ میں چل سکتا ہے۔

الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ انصاف وہ نہیں ہوتا جو آپ کے حق میں ہو ، ہم چاہتے ہیں انصاف ایسا ہو جو نظر آئے، اپنی یہ درخواست واپس لیں ، نئی درخواست لائیں، آئین نے جو بتایا ہے اس سے پرے نہیں جائیں گے، ترمیم شدہ درخواست دائر کریں۔ الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف درخواست نامکمل قرار دیتے ہوئے درخواست کی سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کر دی۔ 

تازہ ترین