سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال ہوا۔
نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے، پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پی ڈی ایم لانگ مارچ سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
ہمارے اراکین پر سنجرانی کو ووٹ دینے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن
اس سے قبل جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہمارے اراکین پر سنجرانی کو ووٹ دینے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا ہے۔
اس دوران دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ سے متعلق گفتگو کے دوران کہا ہے کہ حکومت صرف ہارس ٹریڈنگ کر کے ہی جیت سکتی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سینیٹ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہی ہے، حکومت نے ہمارے اراکین کو توڑا تو سب عوام کے سامنے لائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جیت کو شکست میں بدلا گیا تو سب نامعلوم سامنے لائیں گے، نمبرز ہمارے پاس ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے منہ سے اخلاقیات کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔
اس دوران سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری حاصل ہے، کل یوسف رضا گیلانی اور غفور حیدری کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا ہوم ورک مکمل ہے، تمام اراکین نے حمایت کا یقین دلایا ہے۔