کراچی(این این آئی)ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر مولانا تنویرالحق تھانوی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی رہنمائوں کے وفد نے ایم کیوایم کے سابق سینیٹر مولانا تنویرالحق تھانوی سے جامعہ احتشامیہ کراچی میں ملاقات کی۔ملاقات کے بعد خرم شیر زمان اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا تنویر الحق تھانوی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پرمولانا تنویر الحق تھانوی نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے جو ریاست مدینہ کا خواب دیکھا تھا امیدہے کہ وزیراعظم اسے پورا اور سچ کر دکھائیں گے۔ وہ ملک کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، ان کی شخصیت کرپشن سے پاک ہے اور سب سے بڑی بات کہ انہوں نے اقوامِ متحدہ میں ناموسِ رسالت کے لئے آواز اٹھائی۔