بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اُن کی والدہ سونی رازدان خوف میں مبتلا ہوگئیں۔
سونی رازدان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’کورونا وائرس کی یہ لہر معمولی نہیں ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ وائرس ہر جگہ موجود ہے، ہمارے گھروں میں، ہمارے بالوں میں ہر جگہ اس کا قیام ہے۔‘
عالیہ بھٹ کی والدہ نے لکھا کہ ’کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز دیکھتے ہوئے اب مجھے اس سے مزید ڈر لگ رہا ہے۔‘
سونی رازدان نے مزید لکھا کہ ’پتا نہیں ہم لوگ کیسے اور کب اس عالمی وبا سے خود کا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھنا شروع کریں گے جبکہ یہ تو ہر جگہ ہی موجود ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے فوری بعد اُنہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ وہ ڈاکٹروں کے مشورے سے تمام حفاظتی اقدامات پر عمل کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عالیہ بھٹ کے قریبی دوست اداکار رنبیر کپور بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔ جس کے بعد عالیہ بھٹ کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔