رواں ماہ کی ابتداء میں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی موت کو 11 ماہ مکمل ہونے پر اُن کے اہلخانہ کی جانب سے پوجا کا اہتمام کیا گیا۔
اس ضمن میں رشی کپور کی بیٹی ردھیما کپور نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوجا کی تصویر شیئر کی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں ردھیما کپور کے ساتھ اُن کے بھائی رنبیر کپور بھی موجود ہیں اور وہ دونوں پوجا کی رسومات ادا کررہے ہیں۔
ردھیما کپور نے تصویر کے کیپشن میں اپنے والد رشی کپور سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیشہ ہم پر اپنی نگاہ رکھنا، ہم آپ کو بہت یاد کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے والد کی پوجا میں شریک ہیں۔
واضح رہے کہ دُنیا بھر میں مشہور بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
رشی کپور اور نیتو کپور کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے، اُن کی بڑی بیٹی ردھیما کپور ہیں جبکہ بیٹا بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور ہے۔