• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واشنگٹن: پولیس پر گاڑی چڑھانیوالا انتہا پسند تنظیم کا رکن نکلا


امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپٹل ہل کی عمارت کے قریب پولیس پر گاڑی چڑھانے اور چاقو سے حملہ کرنے والا اور بعد میں پولیس کی فائرنگ سے مارا جانے والا ملزم انڈیانا کا رہائشی اور ایک انتہا پسند تنظیم سے منسلک تھا۔

پولیس چیف نے حملہ آور کی شناخت 25 سالہ سیاہ فام نوح گرین کے نام سے کی ہے۔

بتایا گیا ہےکہ حملہ آور انتہا پسند تنظیم کے سربراہ سیاہ فام قوم پرست لوئی فرا خان کا پیروکار تھا، مذکورہ انتہا پسند تنظیم سیاہ فام، اینٹی وائٹ، اینٹی سیمیٹک قوم پرست سوچ رکھتی ہے۔

پولیس کی جانب سے حملے کے مقصد اور حملہ آور کے پولیس ریکارڈ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کیپیٹل ہل کے باہر ملزم نوح گرین نے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی، حملے میں 1 پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا، جب کہ حملہ آور بھی مارا گیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اس حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


واقعے میں ایک گاڑی عمارت کے پاس لگی سیکیورٹی رکاوٹ سے جا ٹکرائی اور گاڑی سے 25 سالہ سیاہ فام نوح گرین نکل کر پولیس اہلکاروں کی طرف چاقو لے کر دوڑا۔

پولیس اہلکاروں نے حملہ آور پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کو ہونے والے واقعے کو ’دہشت گردی‘ کا واقعہ نہیں کہہ سکتے، واقعےکی تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین