• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تل ابیب سے میکسیکو جانے والی اسرائیلی ایئر لائن کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث طیارے کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جہاز میں سوار تمام افراد محفوظ ہیں۔

30 گھنٹے میں یہ دوسرا بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارہ ہے جس میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسرائیل کی قومی ایئر لائن ایل ال اسرائیل ایئر کی پرواز ایل وائی 3041 تل ابیب سے میکسیکن شہر کینکین جا رہی تھی کہ ٹیک آف کے دو گھنٹے 44 منٹ بعد طیارے کے کاک پٹ میں ہنگامی صورتحال کے سگنل ملے، یہ پرواز اس وقت فرانس کی فضائی حدود میں لیون شہر پر 36 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو طیارے میں ٹیکنیکل ایمرجنسی سے آگاہ کیا۔

کنٹرول ٹاور کی ہدایت ملنے پر پائلٹ نے طیارے کو فرانس میں ہی پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پر اتار لیا تاہم تین گھنٹے کے معائنہ کے دوران نقص دور کر کے اس طیارے کو پیرس کے مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 56 منٹ پر منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 30 گھنٹے کے دوران بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر سیریز کے دوسرے طیارے کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گزشتہ روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سے فرینکفرٹ جانے والی جاپانی ایئرلائن کی پرواز کے لیے بھی اسی بوئنگ 787 سیریز کا طیارہ زیر استعمال تھا جسے روس میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

تازہ ترین