وزیراعظم عمران خان کی 25 سال قبل لیڈی ڈیانا اور والد کے ہمراہ لاہور میں لی گئی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔
عمران خان کی تصویر ’جنون‘ بینڈ کے بانی سلمان احمد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی زینت بنائی ہے۔
سلمان احمد نے تصویر کے حوالے سے لکھا کہ ’وزیراعظم عمران خان شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کیلئے فنڈ ریزنگ ڈنر میں لیڈی ڈیانا اور اپنے والد اکرام اللہ خان نیازی کے ہمراہ‘
انہوں نے تصویر کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ یہ تصویر مارچ 1996 میں لاہور میں لی گئی تھی۔
واضح رہے کہ فروری 1996 میں پاکستان کے دورے پر آنے والی لیڈی ڈیانا نے رضوان بیگ کا تیار کردہ سفید لباس شوکت خانم اسپتال کی فنڈریزنگ ڈنر کی تقریب میں زین تن کیا تھا۔
رضوان بیگ کا اپنے اس شاہکار سے متعلق کہنا ہے کہ ریشم کے دھاگوں سے کریم اور ایپل وائٹ کے ساتھ سفید رنگ کے 5 شیڈز سے اس پر مغربی طرز کی کڑھائی کرائی گئی، ان کیلئے ایک جدید طرز کی شلوار ’ٹراؤزر شلوار‘ تیار کی گئی، سوٹ ایک ماہ میں تیار ہوا۔
رضوان بیگ کا کہنا تھا کہ مذکورہ سُوٹ کی فرمائش عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے یہ کہہ کر کی کہ ایک مشہور شخصیت بطور مہمان پاکستان آرہی ہیں، آپ کو ان کے لیے ایک شاندار لباس تیار کرنا ہے۔