شہنشاہ قوالی نصرت فتح علی خان نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی فرمائش پر اُن کی پسندیدہ قوالی ’علی دا ملنگ‘ پڑھی تھی۔
3 دسمبر 1992 کو انٹر کانٹیننٹل ہوٹل لندن میں شوکت خانم اسپتال کی چندہ مہم کے ایک پروگرام میں امیتابھ بچن ، نصرت فتح علی خان، مِک جیگر، جیری ہال، خالد شفیع سمیت دیگر معروف شخصیات نےعمران خان کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
تقریب کے میزبان عامر جہانگیر نے استاد نصرت فتح علی خان کا تعارف کرواتے ہوئے ’اسٹار آف دی ایوننگ‘ کہا۔
نصرت صاحب نے اسٹیج پر آکر کہا کہ ’میں کوئی مقرر نہیں فنکار ہوں اس لیے صرف چند جملے کہوں گا کہ عمران خان بہت بڑا نیکی کا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر لمحہ ان کے ساتھ شریک ہوں ،انہوں نے مستقبل میں بھی عمران خان کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
نصرت صاحب نے تقریب میں قوالیوں کی ابتدا ’اللہ ہو‘ سے کی۔
دوران قوالی نصرت فتح علی خان نے عمران خان کی فرمائش پر دو قوالیاں گائیں۔
انہوں نے دوران قوالی کہا کہ ’علی دا ملنگ‘ عمران خان کو بہت پسند ہے ۔ نصرت فتح علی خان نے بتایا کہ ہر دورے پر عمران خان اُن سے اسی قوالی کی ضرور فرمائش کرتے ہیں۔
نصرت فتح علی خان نےعمران خان کی فرمائش پر یہ قوالی گائی۔
تقریب کے مہمان خصوصی امیتابھ بچن کے لیے بھی خصوصی طور پر نصرت فتح علی خان نے اپنی مشہور زمانہ قوالی تم ایک گورکھ دھندہ ہو پڑھی۔
انہوں نے اس تقریب میں اکھیاں اُڈیک دیاں، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے، علی دا ملنگ، دم مست قلندر مست مست کے علاوہ دیگر قوالیاں بھی پڑھی تھیں۔
نصرت صاحب کی پُرسوز آواز میں پڑھی جانے والی قوالیوں پر لندن کی تقریب کے حاضرین بھی جھوم اٹھے۔