پاکستان کے موجودہ وزیراعظم اور ماضی کے کامیاب کرکٹر عمران خان نے آج کے دن 1988 میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ملک کو نیا اعزاز دلوایا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’آن دِز ڈے‘ کے ہیش ٹیگ سے ایک عمران خان کی تصویر شیئر کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ آج کے دن 1988 میں 10 سالوں میں پاکستان کیریبین میں ٹیسٹ ٹیم جیتنے والی پہلی غیرملکی ٹیم بن گئی تھی۔
ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس ٹیسٹ میچ میں عمران خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا جس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
پی سی بی کے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان نے اس یادگار اور اہم میچ میں 121 رنز کے عوض 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور پاکستان نے یہ میچ 9 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل عمران خان نے اپنے کرکٹ کے دور کی نایاب تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور اپنے کرکٹ کے شاندار کیرئیر کو یاد کیا تھا۔
فیس بُک پر عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں موجود تھیں۔
وزیراعظم نے فیس بُک پر اپنی پوسٹ میں سال 1982سے 1992 تک کے اپنے سفر کا تذکرہ کیا، جب انہوں نے 1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔
عمران خان نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ سال 1982 سے لیکر 1992 کے ورلڈ کپ تک اُنہیں کرکٹ میں کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کون کون سے اعزازات وہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے پہلی مرتبہ سال 1992 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس وقت پاکستان ٹیم کی قیادت موجودہ وزیراعظم عمران خان ہی کر رہے تھے جہاں قومی ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا تھا۔