• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ ایلزبتھ کے شوہر پرنس فلپ 99 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات

لندن (آصف ڈار) برطانوی ملکہ ایلزبتھ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ جمعرات کے روز 99 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق پرنس فلپ جمعرات کی صبح ونڈرز کاسل میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم بورس جانسن نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنس فلپ نے انگنت نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کی اور اپنے افکار سے متاثر کیا۔ برطانیہ کا شاہی نظام لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں بکھیرنے کے سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنس فلپ کے انتقال کی خبر انتہائی دکھ سے سنی۔ پرنس فلپ کو نہ صرف برطانیہ بلکہ دولت مشترکہ اور پوری دنیا میں انتہائی عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ پرنس فلپ کا شمار ان اکابرین میں ہوتا ہے جنہوں نے خود دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا۔ لیبر لیڈر سرکیئر سٹارمر نے پرنس فلپ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرنس فلپ ایک غیر معمولی شخصیت تھے جنہوں نے انتہائی شاندار انداز میں برطانوی عوام کی خدمت کی اور دنیا کی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ پرنس فلپ نے 1947ء میں ملکہ ایلزبتھ سے شادی کی تھی اور برطانوی تاریخ میں طویل ترین عرصہ تک شاہی خدمات انجام دینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ گزشتہ ماہ (مارچ) ڈیوک آف ایڈمز اپنی دل کی بیماری کی وجہ سے ایک ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہے۔ ان کے اور ملکہ ایلزبتھ کے چار بچے آٹھ گرینڈ چلڈرن اور 16 گریٹ گرینڈ چلڈرن ہیں۔ ان کے سب سے بڑے صاحبزادے پرنس آف ویلز پرنس چارلس 1948ء بیٹی پرنسس این 1950ء پرنس اینڈریو 1960ء اور پرنس ایڈورڈ 1964 ء میں پیدا ہوئے۔ پرنس فلپ 10 جون 1921ء کو کارفوک گریک آئی لینڈ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پرنس اینڈریو آف گریس اینڈ ڈنمارک تھے جبکہ والدہ پرنسس ایلس لارڈ لیوس آف مائونٹ بیٹن کی بیٹی اور کوئن وکٹوریہ کی پڑپوتی تھیں۔ سکاٹ لینڈ کی فرست منسٹر نکلا سٹرجن اور دوسرے کئی رہنمائوں نے پرنس فلپ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے برطانوی عوام، دولت مشترکہ ممالک اور پوری دنیا کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ پرنس فلپ ایک انتہائی شفیق والد اور بہترین شوہر تھے۔ ان کی ملکہ ایلزبتھ کے ساتھ طویل رفاقت کے دوران کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا اور ملکہ ایلزبتھ نے ان کے انتقال کو اپنے اور اپنے خاندان کے لئے انتہائی بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔ ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ نڈر فوجی افسر تھے اور انہوں نے ہمیشہ عالم انسانیت کی خدمت کی۔ برطانوی عوام کی خوشحالی کے لئے بھی ان کا کردار انتہائی اہم تھا اور وہ بہت سے خیراتی اداروں کے ساتھ بھی وابستہ تھے۔ پرنس فلپ کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین