• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کو شمال اور جنوب کے نام پر تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،بی این پی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان کو شمال اور جنوب کے نام پر تقسیم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ، بلوچ قوم اس سرزمین پر آج سے نہیں گیارہ ہزار سالوں سے آباد ہے۔ اس کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گےبلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے پارٹی کے چھ نکات پر عملدرآمد ہی مسائل کا حل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ ، مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری ، ضلعی صدر رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ ، شمائلہ اسماعیل ، بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات بالاچ بلوچ و دیگر نےپیر کوبلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان کو شمال اور جنوب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوششوں کے خلاف پارٹی قائدین کی ہدایت پر صوبے کے مختلف اضلاع میں احتجاج کیا جارہا ہے بلوچ قوم کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے صوبے کو تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، سات دہائیوں سے بلوچستان کے ساحل وسائل کو لوٹ کر لے جانے والے حکمران سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت بلوچستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں اس کا مقصد گوادر کو بلوچستان سے الگ کرکے وہاں کی مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ سرزمین ہماری ہے قومی وحدت مکران کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جنوب و شمال کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا جس میں قومی شاہراہیں بھی بند کی جائیں گی اور آئندہ چند روز تک احتجاج کو وسعت دی جائے گی۔
تازہ ترین