• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلیٹی سٹورز19: اشیاء پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، زین قریشی

ملتان (سٹاف رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ماہ رمضان کے حوالے سے 7 ارب روپے کا خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کو 19اشیاء پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ عوام کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں لوٹھڑ ‘ بوٹے والا ‘ جھوک لشکر میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے زیراہتمام رمضان ریلیف پیکیج کی افتتاحی تقریب اور موبائل یوٹیلیٹی سٹورز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار موبائل یوٹیلیٹی سٹور قائم کئے گئے ہیں جو این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں عوام کو سبسڈی ریٹ پر گھی‘ چینی ودیگر اشیاء ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا حکومت کو عوام کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے۔ جن کو حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا ماہ صیام کی آمد ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجر حضرات نیک نیتی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت حکومتی ریٹس کے مطابق عوام کو معیاری اشیاءکی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے، انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے حکومت و انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ 
تازہ ترین