لندن (جنگ نیوز )ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی آخری رسومات مکمل ہوگئیں،ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے ہفتے کو ونڈزر کاسل کے میدانوں میں اپنے شوہر پرنس فلپ دی ڈیوک آف ایڈنبرا کی آخری رسومات میں اپنے خاندان اور قوم کی رہنمائی کی۔پرنس فلپ کے تابوت کے پیچھے اُن کے خاندان کے چند افراد بشمول اُن کے چار بچے اور ان کے پوتے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری چلے۔شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل ڈیوک آف ایڈنبرا کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوں گی۔شاہی خاندان کا فوجی دستہ پرنس فلپ کی آخری رسومات کے موقع پر ونڈزر کاسل کے باہر موجود رہا،جب دوپہر کے وقت شاہی گھڑسوار فوجی دستہ ونڈزر کاسل کی جانب رواں دواں تھا تو انھیں دیکھنے کے لیے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔برطانیہ اور دولتِ مشترکہ کے ممالک کی جانب سے اُنھیں عطا کیے گئے میڈلز اور اعزازات نو گدیوں پر رکھے گئے ہیں۔ اس میں ڈنمارک اور یونان کے شاہی نشانات بھی شامل ہیں جو اُن کے پیدائشی طور پر یونان اور ڈنمارک کا شہزادہ ہونے کی عکاسی کرتے ہیں۔