اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے کرپشن کے مبینہ ملزم کی درخواست ضمانت باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز کرپشن کے ملزم محمد علی پہنور کی درخواست ضمانت کی سماعت کی تو ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ میرا موکل 2016سے جیل میں ہے اور مستقل قریب میں ان کے خلاف دائر ریفرنس کا فیصلہ ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی اور کہاکہ ٹرائل کورٹ میں نیب ریفرنس میں ابھی تک صرف 30گواہوں کے بیان قلمبند ہوئے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نیب کو نوٹس جاری کردیا تو فاضل وکیل نے استدعا کی کہ مقدمہ کی آئندہ سماعت جلد مقرر کی جائے۔