اسپین بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، آنا گراؤ
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، آنا گراؤ

بارسلونا (شفقت علی رضا ) اسپین بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتاہے اور غیر ملکیوں کی اسپین آمد کے بعد یہاں ایک دوسرے کے کلچر ، رہن سہن ، قومی اور مذہبی رسومات سے روشناس ہونے میں مدد ملی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اسپین کی سیاسی پارٹی ’’ سیوتادانس ‘‘ کی ممبر پارلیمنٹ کاتالونیا ’’ آنا گراؤ ‘‘ نے منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے دورہ کے دوران روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین میں جب ڈکٹیٹر شپ تھی تب ایسے معاملات میں تنگ نظر ی کا مظاہرہ کیا جاتا تھا لیکن جب سے یہاں جمہوریت کا دور دورہ ہوا ہے تب سے یہاں بین المذاہب ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاہب انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور آپس میں تقسیم اور نقصان کا باعث نہیں بنتے ۔اسلامک سنٹر کے دورے کا اہتمام پاکستان نژاد امیدوار صوبائی اسمبلی علی رشید بٹ نے کیا تھا جب کہ اس وفد میں بلدیہ بارسلونا میں سیوتادانس کی امیدوار صدر ’’ ماری لوس ‘‘ خاتون کونسلر ’’ جولیا بارے آ ‘‘ اور اسی پارٹی کی جانب سے منتخب کئے گئے پہلے پاکستانی کونسلر طاہر رفیع بھی شامل تھے ۔وفد کو منہاج اسلامک سنٹر میں صدر حسنات قادری اور عندلیب بی بی نے خوش آمدید کہا اور ماہ صیام کے حوالے سے وفد کے ارکان کو ہسپانوی زبان میں شائع ہونے والا لٹریچر پیش کیا ۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے اور جب مغرب کے وقت مسلمان اکھٹے روزہ افطارکرتے ہیں تب بھائی چارے اور یگانگت کی بہت سی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں ۔اراکین کا کہنا تھا کہ ہسپانوی اور پاکستانی روایات کا آپس میں ٹکراؤنہیں اسی لئے دونوں اقوام ایک دوسرے کے قریب آنے میں جھجھک محسوس نہیں کرتیں ، ویسے بھی ہمیں آپس میں مذہبی اور قومی تہواروں میں اکھٹے شامل ہونا چاہئے تاکہ معاشروں کے انضمام میں سہولت اور مدد ملے ۔صوبائی اسمبلی کے امیدوار علی رشید بٹ کا کہنا تھا کہ مقامی معززین اور سیاستدانوں کا ہماری مساجد اور اسلامک سنٹرز کا دورہ کرنا خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح ہم اپنی روایات کا پرچار کرکے مقامی کمیونٹی کو اپنے پر امن ہونے اور بھائی چارے پر یقین رکھنے کو ثابت کر سکتے ہیں ۔ 

یورپ سے سے مزید