ون مین کمیشن الگ،رپورٹ سے اتفاق نہیں کرتے، چیئرمین اقلیتی کمیشن
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون مین کمیشن الگ،رپورٹ سے اتفاق نہیں کرتے، چیئرمین اقلیتی کمیشن

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )چیئرمین اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی کاکہناہےکہ ون مین کمیشن الگ،گزشتہ روز اسکی جانب سے شائع رپورٹ سے اتفاق نہیں کرتے،یکسا ں قومی نصاب کی تشکیل قابل ستائش اقدام ، ایک دوسرے کے مذاہب کو جانے بغیر معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کا حصول ممکن نہیں۔چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی نے روزنامہ جنگ میں شعیب سڈل پر مشتمل ون مین اقلیتی کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک خبر کے ردعمل پر وضاحتی بیان میں کہاکہ قومی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر شعیب سڈل پر مشتمل ’’ون مین کمیشن‘‘ سے الگ ہے، قومی اقلیتی کمیشن میں ہندو، سکھ، مسیحی، پارسی اور کیلاش برادری کی نامور اور تعلیم یافتہ شخصیات کو نمائندگی دی گئی ہے جو پاکستان کی اقلیتی برادری کے مسائل سے باخبر اور ان کی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہیں جبکہ مولانا سید عبدالخبیر آزاد اور مفتی گلزار نعیمی جیسی سرکردہ مسلم شخصیات کی موجودگی میں کمیشن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی اقلیتی کمیشن کی سربراہی الک غیر مسلم شخصیت کو ملی،انہوں نے واضح کیا کہ یکساں قومی نصاب کونسل کے سربراہ رفیق طاہر کو بریفنگ کیلئے گزشتہ اجلاس میں بطور خاص مدعو کیا گیا تھا۔ قومی اقلیتی کمیشن کے ممبران نے متفقہ طور پر یکساں قومی نصاب کونسل کی کاوش کو قابل ستائش اور تاریخی اقدام قرار دیا تھا۔ چیئرمین چیلارام کیولانی نے کہاکہ ڈاکٹر شعیب سڈل پر مشتمل ’’ون مین کمیشن‘‘ اور قومی اقلیتی کمیشن (NCM) دونوں الگ اور آزادانہ کام کر رہے ہیں۔ اور NCMسپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مندرجات سے بالکل اتفاق نہیں کرتے بلکہ ان کا نکتہ نظر ان کی پیش کردہ رپورٹ کے بالکل برعکس ہے۔

اہم خبریں سے مزید