کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات “میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی سے پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا وعدہ کیا تھا لے آئے،تجزیہ کار جنرل (ر) اعجاز اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتھوں کویقیناً حکومت کے خلاف کام کرنے کا یاخارجہ پالیسی میں ڈکٹیٹ کرنے کاحق نہیں ہے، رہنما پاکستان مسلم لیگ ن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا کہ حکومت اپوزیشن کو چھوڑ دیں یہ مسئلہ تمام مسلمانوں کا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈھائی برس میں دو دفعہ ناموس رسالت کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھایا،عمران خان نے فرانس کے صدر کیخلاف مسلم سربراہان کو خط لکھ کر معاملہ اٹھایا، وزیراعظم عمران خان نے مغرب کے سامنے ناموس رسالت، ختم نبوت اور اسلامو فوبیا کو موثر انداز میں اٹھایا، سعد رضوی کو 3بج کر 35منٹ پر گرفتار کیا گیا، 5بجے پاکستان بائیس مقامات سے بند کردیا گیا، حکومتی ایجنسیوں نے ٹھیک رپورٹس دی تھیں کہ لوگ موو کرنا شروع ہوگئے ہیں، تحریک انصاف اس معاملہ سے فرار اختیار نہیں کررہی سامنے آکر ہینڈل کرے گی، حکومت آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کررہی ہے، ٹی ایل پی سے پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا وعدہ کیا تھا وہ لے آئے ہیں، اپوزیشن اس معاملہ پر اپنی قرارداد لانا چاہتی ہے تو ضرور لائے، پاکستان کے علمائے حق سے اس نازک وقت میں قوم کی رہنمائی کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ رہنما پاکستان مسلم لیگ ن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا کہ اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کے حوالے سے جو قرارداد پیش کی گئی اس پر اپوزیشن کاایک اعتراض ہے ۔آپ نے تحریک لبیک کے ساتھ پہلے ایک معاہدہ کیاکیا آپ نے اس وقت قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا۔اس کے بعد آپ نے ایک وقت مقرر کیااور کہا کہ فرانسیسی سفیر کوملک بدر کریں گے کیا اس حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں لیا۔ اب جب سعد رضوی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ ہم سے کئے گئے معاہدے کو پورا نہیں کیا گیاتو ہم دوبارہ احتجاج میں جائیں گے لانگ مارچ کریں دھرنا دیں گے۔ آپ نے انہیں گرفتار کیا کیا آپ نے کسی کو اعتماد میں لیا۔جب انہوں نے مظاہرے شروع کئے اور آپ نے ان کے خلاف پرتشدد آپریشن شروع کیا جو کہ نہیں ہونا چاہئے تھاجس کی ہم سب نے مذمت کی جس میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اس پر بھی کسی کو اعتماد میں لیا۔