• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاقتور قانون سے بچنے کیلئے PDM جیسا اتحاد بنالیتے ہیں، عمران خان

طاقتور قانون سے بچنے کیلئے PDM جیسا اتحاد بنالیتے ہیں، عمران خان


نوشہر(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور لوگ قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتے‘پی ڈی ایم جیسا اتحاد بنا لیتے ہیں‘وہ چاہتےہیں کہ وہ چوری کریں ‘ ڈاکے ماریں اور منی لانڈرنگ کریں پھر بھی کوئی انہیں نہ پکڑے، تمام شعبوں میں مافیاز بیٹھے ہوئے ہیں۔

شوگر مافیا مہنگی چینی فروخت کرتا ہےاور ٹیکس نہیں دیتا‘جب ان کے خلاف کارروائی کی جائے تو وہ بھی اپنے آپ کو خاص لوگ سمجھنے لگتے ہیں‘کمزو اور طاقتور کے لئے قانون ایک ہونا چاہیے‘موجودہ حکومت نے سستے گھروں کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

بینکوں کو غریب لوگوں کو قرضے دینے کی عادت نہیں ہے، قرضوں کے اجرا کا عمل تیز کیا جا نا چاہیے‘جو معاشرہ اپنے کمزور اور غریب طبقے کا خیال نہیں رکھتا وہ ترقی نہیں کر سکتا‘آبادی بڑھنے اور شہروں کے پھیلائو سے فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوگا ۔ 

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے تحت جلوزئی ہائوسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کی پہچان امراء کے گھروں اور ان کی سوسائٹیز سے نہیں ہوتی‘ معاشرے کی پہچان کمزور اور غریب طبقے کے طرز رہائش سے ہوتی ہے۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ قانون کی بالا دستی کا مطلب بار بار سمجھانے کی کوشش کررہا ہوں جو پاکستان میں لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی ۔بنانا ری پبلک میں طاقتوروں اور ڈاکوئوں کے لئے ایک الگ قانو ن ہوتا ہے اور کمزور کے لئے دوسرا قانون ہوتا ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوتا ہے۔

بعدازاں وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں پیرا پلیجک سینٹر پشاور کا دورہ کیا، مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات اور بات چیت بھی کی۔

دریں اثناءپشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں نئے او پی ڈی بلاک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ صحت سہولت کارڈ اسکیم عوامی فلاح کا بہترین منصوبہ ہے ۔

تازہ ترین