• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازالدین کی بیرون ملک جانے والے بھارتی اداکاروں پر تنقید

بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے دوران اداکاروں کی جانب سے مالدیپ میں تعطیلات کی تصاویر پوسٹ کرنے پر بھڑک اٹھے۔

ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ شخصیات ایسے وقت میں اپنی چھٹیوں کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں جب دنیا سب سے زیادہ کساد بازاری سے گزر رہی ہے، لوگوں کے پاس کھانا نہیں ہے اور آپ پیسے پھینک رہے ہو، کچھ تو شرم کرو۔

نواز الدین صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال سے چھٹیوں پر جانا اتنا غلط نہیں ہے جتنا اس کا دکھاوا کرنا ہے، ان لوگوں نے مالدیپ کو تماشا بنا رکھا ہے۔ مجھے نہیں پتا کہ ٹورازم انڈسٹری کے کیا انتظامات ہیں لیکن انسانیت کے ناطے اپنی چھٹیاں اپنے تک رکھیں کیونکہ یہاں جگہ جگہ دکھ ہے اور کورونا سے صورتحال بدتر ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے دوران بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور، ٹائیگر شروف، عالیہ بھٹ اور دیشا پٹانی سمیت دیگر نے ملک چھوڑ دیا تھا اور تعطیلات گزارنے کیلئے مالدیپ پہنچے تھے جبکہ گزشتہ روز شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان بھی امریکا روانہ ہوئے تھے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین