بالی ووڈ سپر اسٹار پریانکا چوپڑا نے بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کن صورتحال کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جبکہ انھوں نے اپنی کوششوں سے 4 کروڑ 90 لاکھ روپے کا فنڈز بھی جمع کرلیا۔
پریانکا اور ان کے شوہر نک جونس نے بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے لگ بھگ پانچ کروڑ روپے اب تک جمع کرلیے ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے فالوورز اور پرستاروں کو بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے ہونے والی تباہ کن صورتحال سے آگاہ کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریض اسپتال میں بستروں اور آکسیجن سلنڈروں کے لیے جدوجہد کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ میڈیکل اسٹاف اسپتالوں میں ہر قسم کی طبی اشیا کی کمی سے آگاہ کر رہے ہیں۔
پریانکا نے اپنی پوسٹ میں تحریر کیا کہ کورونا کے تباہ کن اثرات کو روکنے کی جنگ اب تک جاری ہے۔
انھوں نے لکھا کہ ’آپ کی امداد سے بھارت میں بڑے پیمانے پر صورتحال بہتر کی جاسکتی ہے اور لوگوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔‘
سوشل میڈیا پر پریانکا چوپڑا کے مداحوں نے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔