لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ غلط پالیسیوں کا غصہ خاتون افسر پر نکالنا قابل مذمت ہے، معیشت، مہنگائی، بیروزگاری اور کورونا پر حکومت سنجیدہ نہیں، قوم کا آٹا چینی وزیراعظم کی سرپرستی میں نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو آٹا چینی کیلئے یوں دھکے نہ کھانے پڑتے،حکمران خداترسی کریں اور چینی کیلئے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو اس توہین سے نجات دلائیں ، بروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کرکے قوم کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے اراکین پارلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کی پوری کی پوری مینجمنٹ نہ ہوسکی، دوراندیشی پر مبنی حکمت عملی کااب بھی فقدان ہے۔ حکومت اب بھی کورونا، معیشت، مہنگائی، بے روزگاری جیسے سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں، صرف تماشے جاری ہیں،اس سے حکومت کی ذہنی حالت اور ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے۔