• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سابق شوہر کے ہاتھوں ٹیک انجینئر خاتون کا بہیمانہ قتل

—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی شہر حیدر آباد میں 30 سالہ سافٹ ویئر انجینئر سنیتا کو مبینہ طور پر سابق شوہر مہیش نے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے مقتولہ کو متعدد بار چھرا گھونپا اور پھر پھولدان سے سر پر وار کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان سے چلی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل مقتولہ کی دوسری شادی اور سابق شوہر کے خلاف درج مقدمات کے سبب ذاتی رنجش کی بنیاد پر کیا گیا۔

ملزم مہیش مبینہ طور پر 2 تیز دھار ہتھیار لے کر اپارٹمنٹ میں داخل ہوا اور اس نے سنیتا پر حملہ کر دیا۔

جوڑے کی شادی 2022ء میں ہوئی تھی اور 2024ء میں باہمی رضا مندی سے طلاق ہو گئی تھی، سنیتا نے اپریل 2025ء میں دوسری شادی کر لی تھی۔

 پولیس کا خیال ہے کہ ملزم کو ان کی علیحدگی، دوسری شادی اور گھریلو تشدد کے مقدمے کی وجہ سے رنجش تھی۔

پولیس کے مطابق مہیش نے سوشل میڈیا کے ذریعے سنیتا کا رہائشی پتہ معلوم کیا، 2 ماہ قبل حیدرآباد پہنچا اور قریبی ہاسٹل میں قیام کیا۔

قتل کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اپارٹمنٹ کے قریب سے گرفتار کر لیا، اس کے پاس 2 چھریاں، ڈرل مشین اور 5 لیٹر پیٹرول سے بھرا کین بھی ملا ہے۔

مقتولہ کے شوہر کی شکایت میں کہا گیا ہے کہ سنیتا 3 ماہ کی حاملہ تھی، ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید